شاہد خاقان عباسی کے بعد نیب کا مزید دو افراد کو گرفتار کرنے کا فیصلہ

مفتاح اسماعیل اور عمران الحق کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئے گئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 18 جولائی 2019 14:54

شاہد خاقان عباسی کے بعد نیب کا مزید دو افراد کو گرفتار کرنے کا فیصلہ
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 جولائی 2019ء) : احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے بعد اب دو مزید افراد کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیب نے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق کو بھی گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ جس کے تحت نیب کی جانب سے دونوں رہنماؤن کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دئے گئے ہیں۔

نیب کی ٹیم مفتاح اسماعیل اور عمران الحق کی گرفتاری کے لیے کارروائی کرے گی۔ یاد رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بھی گرفتار کیا تھا۔ شاہد خاقان عباسی کا ریمانڈ حاصل کرنے کے بعد انہیں نیب راولپنڈی منتقل کیا جائے گا۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو لاہور کے ٹول پلازہ سے گرفتار کر لیا گیا ۔

(جاری ہے)

نیب نے آج سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو طلب کر رکھا تھا لیکن انہوں نے نیب کے سامنے پیش ہونے سے معذرت کر لی تھی۔

نیب راولپنڈی نے شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی ٹرمینل کا غیر قانونی ٹھیکہ دینے کے الزام میں تفتیش کے لیے طلب کیا تھا اور سابق وزیراعظم کو صبح 10 بجے نیب راولپنڈی میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی لیکن وہ پیش نہیں ہوئے۔واضح رہے کہ گذشتہ سال چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات کی تحقیقات کی منظوری دی گئی تھی۔

نیب کے مطابق شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی ٹرمینل کا ٹھیکہ قواعد و ضوابط کے خلاف دینے کے الزام میں تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان نے من پسند کمپنی کو 15 سال کا ٹھیکہ خلاف ضابطہ دیا جس سے قومی خزانے کو مبینہ طور پر اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔