لوئراورکزئی، چھت گرنے سے8 افراد جاں بحق،30 سے زائد زخمی

گھر میں شادی کی تقریب جاری تھی، بارش کے باعث مکان کی چھت گرگئی، جاں بحق اور زخمی افراد میں خواتین اور چھوٹے بچے بھی شامل ہیں۔پولیس ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 18 جولائی 2019 16:22

لوئراورکزئی، چھت گرنے سے8 افراد جاں بحق،30 سے زائد زخمی
لوئراورکزئی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 جولائی 2019ء ) لوئر اورکزئی میں چھت گرنے سے 8افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے، جاں بحق اور زخمی افراد میں خواتین اور چھوٹے بچے بھی شامل ہیں،گھر میں شادی کی تقریب جاری تھی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق لوئر اورکزئی کا علاقے لیڑا میں شادی والے گھر مکان کی چھت گرگئی۔گھر میں شادی کی تقریب جاری تھی کہ شدید بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی۔

چھت کے ملبے تلے دب کر8 افراد جاں بحق اور30 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ جاں بحق اور زخمی افراد میں خواتین اور چھوٹے بچے بھی شامل ہیں۔ زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ چھت گرنے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ بھی کیا۔ دوسری جانب رواں ہفتے کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں تیز ہوائوں اور آندھی کے ساتھ مزید مون سون بارشوں کی پیش گو ئی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ مو سمیات کے مطا بق اس ہفتے کے دوران کشمیر، اسلام آباد،بالائی پنجاب اور بالائی خیبر پختونخواہ میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ راولپنڈی ،گوجرانوالہ لاہور ڈویژن اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران لاہور ،گوجرانوالہ ،راولپنڈی ،کشمیر میں مختلف مقامات پر تیز ہوائوں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ ملک کے دیگر علاقوںمیں موسم گرم اور مرطوب رہا۔

ماہرین موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران لاہور ڈویژن سمیت راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد اور اسلام آباد میں کہیں کہیں جبکہ ملتان اور ساہیوال ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواوں،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔