ارشد ملک کی ویڈیو بنانے والے میاں طارق کی اپنی ویڈیو سامنے آ گئی

جو کرنا ہے کر لو۔۔ ویڈیو میں میاں طارق کو رقم لینے کے لیے آںے والے شہری کو دھمکاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 18 جولائی 2019 16:47

ارشد ملک کی ویڈیو بنانے والے میاں طارق کی اپنی ویڈیو سامنے آ گئی
ملتان: (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 جولائی 2019ء) : جج ارشد ملک کی ویڈیو بنانے والے میاں طارق کی اپنی ویڈیو سامنے آ گئی۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ویڈیو سکینڈل کے مرکزی کردار میاں طارق کی لوگوں کو دھمکانے کی ویڈیو سامنے آگئی جس میں میاں طارق کو کسی شخص کو دھمکاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔میاں طارق اس شخص پر اثرو رسوخ کا دھونس جما رہا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میاں طارق نے رقم کے لیے آنے والے شخص کو گالیاں دیں۔میاں طارق نے شہری کو دھمکی دی اور کہا کہ جو کرنا ہے کر لو۔ اب سے کچھ دیر قبل ایف آئی اے نے جج ارشد ملک کی ویڈیو سکینڈل کے مرکزی ملزم میاں طارق کے دفتر پر چھاپہ مارا تھا۔ ایف آئی اے نے تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا ۔

(جاری ہے)

میاں طارق کے دفتر پر چھاپے کے دوران اہم ریکارڈ بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے جب کہ دفتر کے ملازمین سے پوچھ گچھ بھی جاری ہے۔

اس کے علاوہ میاں طارق سے بھی تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔واضح رہے میاں طارق کو گذشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا۔.ملزم کو اسلام آباد کے سیکٹر ایف سیون سے گرفتار کیا گیا۔میاں طارق کا تعلق ملتان سے ہے۔ایف آئی اے کا عدالت میں کہنا تھا کہ ملزم احتساب عدالت کے جج کی ویڈیو سکینڈل میں ملوث ہے۔عدالت نے ملزم کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے حکم دیا کہ تفتیشی افسر ملزم کو 19جولائی کو میڈیکل رپورٹ کے ساتھ پیش کریں۔

جج نے ملزم سے سوال کیا کہ آپ کچھ کہنا چاہیں گے؟ جس پر میاں طارق نے کہا کہ مجھے گرفتار کر کے مجھ پر تشدد کیا گیا۔تشدد کی وجہ سے میری ہڈیاں ٹوٹ چکی ہیں۔۔ایک رپورٹ میں میاں طارق کے بارے میں اہم انکشافات ہوئے تھے۔ میاں طارق سےسینکڑوں کی تعداد میں ویڈیوز ملی ہیں جن میں 15 سیاستدانوں کی ویڈیوز بھی شامل ہے اور کئی سرکاری افسران بھی ویڈیوز کی وجہ سے اس کے ہاتھوں بلیک میل ہوتے رہے ہیں۔