Live Updates

انسانی وسائل میں سرمایہ کاری، غریب اور نادار طبقات کا تحفظ اور اسلوب حکمرانی میں اصلاحات وزیراعظم عمران خان کی حکومت کی اعلیٰ ترین ترجیحات میں شامل ہیں

وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور محمد حماد اظہر کی پاکستان میں جاپان کے سفیر کونی نوری متسودا سے ملاقات میں گفتگو ْ

جمعرات 18 جولائی 2019 17:38

انسانی وسائل میں سرمایہ کاری، غریب اور نادار طبقات کا تحفظ اور اسلوب ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2019ء) وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور محمد حماد اظہر نے کہا ہے کہ انسانی وسائل میں سرمایہ کاری، غریب اور نادار طبقات کا تحفظ اور اسلوب حکمرانی میں اصلاحات وزیراعظم عمران خان کی حکومت کی اعلیٰ ترین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں پاکستان میں جاپان کے سفیر کونی نوری متسودا سے ملاقات کے دوران کہی۔

جاپان کے سفیر نے حماد اظہر کو وفاقی وزیر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور انہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ وفاقی وزیر نے جاپان کے سفیر کو اقتصادی بحالی اور استحکام کیلئے موجودہ حکومت کی اہم ترجیحات اور ڈھانچہ جاتی اصلاحاتی ایجنڈا کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ انسانی وسائل میں سرمایہ کاری، غریب اور نادار طبقات کا تحفظ اور اسلوب حکمرانی میں اصلاحات وزیراعظم عمران خان کی حکومت کی اعلیٰ ترین ترجیحات میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

جاپان کے سفیر نے موجودہ حکومت کے اصلاحات کے ایجنڈے کے اطلاق میں جاپان کی حکومت کی طرف سے مکمل حمایت اور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ پاکستان اور جاپان کے درمیان اقتصادی پالیسی ڈائیلاگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جاپان کی حکومت سینی ٹیشن، ویسٹ مینجمنٹ، پینے کے صاف پانی، انسانی وسائل کی ترقی بشمول صحت و تعلیم، تکنیکی معاونت اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں پاکستان میں بڑے منصوبوں میں حمایت و تعاون کو یقینی بنائے گا جس سے پاکستان کی معیشت میں پیداواریت میں اضافہ ہو جائے گا۔

انہوں نے پاکستانی برآمدات اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ کیلئے اقدامات کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جاپان کی کمپنیاں پاکستان میں برآمدی صنعتوں اور درآمدات میں کمی لانے والی صنعتوں بشمول ویلیو چینج، فشریز، فوڈ پراسیسنگ، گھریلو برقی آلات، ٹیکسٹائل اور آٹو پارٹس کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لی رہی ہیں۔ وفاقی وزیر نے پاکستان کے ساتھ تعاون کے عزم کے اعادہ پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والی جاپانی کمپنیوں کو حکومت پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات