مقبوضہ کشمیر، شہید نوجوان کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے لوگوں کا سمندر اُمڈآیا، نوجوان کی شہادت پر بارہمولہ میں ہڑتال

جمعرات 18 جولائی 2019 18:15

سری نگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2019ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں سوپور قصبے میں شہید ہونے والے نوجوان عدنان احمد چنا کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے لوگوں کا ایک سمندر بارہمولہ قصبے میں اُمڈآیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے عدنان چنا کو گزشتہ روزسوپور قصبے کے علاقے گنڈ براٹھ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا تھا۔

شہید کا جسد خاکی جب سوپور سے اولڈ ٹائون بارہمولہ لایا گیا تو اسے وصول کرنے کیلئے وہاں ہزاروں لوگ موجود تھے جنہوں نے اس موقع پر آزادی اور پاکستان کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے ۔ بڑی تعداد میں لوگوں کی موجودگی کے باعث شہید کی نماز جنازہ متعدد بار ادا کی گئی ۔

(جاری ہے)

دریں اثنا نوجوان کی شہادت پر بارہمولہ قصبے میں مکمل ہڑتال کی گئی ۔

دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمد ورفت انتہائی کم تھی ۔ قابض انتظامیہ نے طلباء کو مظاہروں سے روکنے کیلئے بارہمولہ میں تعلیمی ادارے بند کر دیے تھے تاہم لوگ خاص طور پر نوجوان احتجاج کیلئے سڑکوں پر نکل آئے ۔ اس دوران قابض بھارتی اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان سخت جھڑپیں ہوئیں۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پیلٹ چلائے اور آنسو گیس کے گولے داغے جس کے نتیجے میں کم از کم 12نوجوان زخمی ہو گئے۔

ضلع راجوری میںایک فوجی گاڑی کی ٹکر سے ایک کشمیری خاتون اور اس کی سات سالہ بھتیجی کے جاںبحق ہونے کے خلاف لوگوں نے زبردست احتجاجی مظاہرے کئے ۔ 35سالہ کنیز بیگم اور اسکی سات سالہ بھتیجی روبیہ کوثر ضلع میں نوشہرہ کے علاقے قلعہ درہال لام میں فوجی گاڑی کی ٹکر سے جاںبحق ہو گئی تھیں۔ واقعے میں ایک چار سالہ معذور لڑکا بھی شدید زخمی ہو گیا۔

مظاہرین نے سڑک بند کی اور مجرم بھارتی فوجی ڈرائیور کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ادھر جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاہے کہ پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں نے دنیا کے مختلف حصوں میں ’’یاسین ملک کو رہا کر و اور لبریشن فرنٹ پر عائد پابندی ہٹائو ‘‘ مہم جاری رکھی ۔ بیان میں کہاگیا ہے کہ لبریشن فرنٹ کے رہنماء پروفیسر راجہ ظفر خان نے ایک وفد کے ہمراہ لندن میں برطانوی وزارت خارجہ و کامن ویلتھ کے عہدیداروں سے ملاقات کی ۔

وفد نے کشمیر کے بارے میں کل جماعتی پارلیمانی گروپ کی چیئرپرسن مز ڈیبی ابراہمز سے بھی ملاقات کی اور انہیں مقبوضہ کشمیر کی زمینی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔ برسلز میں آزاد جموںوکشمیر کے وزیر اعظم راجہ فارو ق حیدر خان نے یورپی یونین کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کی اور ان سے تنازعہ کشمیر خاص طورپر مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوںکی طرف سے جاری انسانی حقوق کی خلا ف ورزیوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔