وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ز یر صدارت محکمہ صنعت سے متعلق اجلاس

محکمہ صنعت کے تحت مختلف شہروں میں مقامی صنعتوں کے فروغ اور روزگار کی فراہمی کیلئے خصوصی بازار کے قیام کا فیصلہ ‘ریڑھی کلچر ختم کر کے خصوصی بازاروں میں خوبصورت اوریکساں طرز کے سٹالز لگائے جائیں گے‘تاجر برادری کی سہولت کیلئے پنجاب بزنس رجسٹریشن پورٹل قائم کیا گیا ہے‘ وزیراعلیٰ

جمعرات 18 جولائی 2019 18:25

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ز یر صدارت محکمہ صنعت سے متعلق اجلاس
لاہور۔18 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کی ز یر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں محکمہ صنعت سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ صنعت کے تحت مختلف شہروں میں مقامی صنعتوں کے فروغ اورروزگار کی فراہمی کیلئے خصوصی بازار کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریڑھی کلچر ختم کر کے خصوصی بازاروں میں خوبصورت اوریکساں طرز کے سٹالز لگائے جائیں گے اور خصوصی بازاروں میں خریداروں کے ساتھ آئے بچوں کی تفریح کیلئے جوائے لینڈ بھی بنائے جائیںگے۔

انہوں نے کہا کہ نئی انڈسٹریل پالیسی پنجاب میں صنعتوں کے فروغ کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی۔چند سال میں صوبے بھر میں 15لاکھ سے زائد ہنر مند افراد کیلئے روزگار کے مواقع میسر ہونگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سپیشل اکنامک زونز کے قیام سے مقامی صنعتوں کو فروغ ملے گا۔روایتی ٹیکنیکل ایجوکیشن کی بجائے جرمن اورسویڈش ماڈل کی طرز پرنیاٹیکنیکل نصاب لارہے ہیں ۔

ٹیکنیکل ایجوکیشن کے بعد ہر طالبعلم کو انڈسٹریز میں آن لائن ٹریننگ کرائی جائیگی۔وزیرآباد اورگوجرانوالہ میں انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام سے مقامی کاریگروں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔تاجر برادری کی سہولت کیلئے پنجاب بزنس رجسٹریشن پورٹل قائم کیا گیا ہے ۔اجلاس میںپرنسپل سیکرٹری ٹو سی ایم ، سیکرٹری صنعت،سیکرٹری اطلاعات اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔