Live Updates

ہمیں روایتی اور متبادل ادویات سازی پر کام کرنا ہوگا‘ صحت کا تعلق صرف ایلوپیتھک ادویات سے نہیں،

وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے کہ پاکستان کو خوشحال اور مضبوط ملک بنایا جائے وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کا کامسٹیک انسٹی ٹیوٹ میں تقریب سے خطاب

جمعرات 18 جولائی 2019 19:22

ہمیں روایتی اور متبادل ادویات سازی پر کام کرنا ہوگا‘ صحت کا تعلق صرف ..
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2019ء) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ ہمیں روایتی اور متبادل ادویات سازی پر بھی کام کرنا ہوگا‘ ایلوپیتھک ادویات کا یہاں کی مارکیٹ پر مکمل قبضہ ہے، صحت کا تعلق صرف ایلوپیتھک ادویات سے نہیں۔ وہ جمعرات کو قائداعظم یونیورسٹی میں کامسٹیک انسٹی ٹیوٹ میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارا انحصار صرف ایلوپیتھک ادویات پر ہوکر رہ گیا ہے، صحت کا تعلق صرف ایلوپیتھک ادویات سے نہیں، ہمیں متبادل ادویات پر بھی انحصار کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چین میں ادویات کی ہزاروں سال پرانی تاریخ ہے۔ انہوں نے ادویہ سازی کی اپنی روایتی صنعت کو ختم نہیں کیا، ہمیں بھی اپنی روایتی ادویات سازی کے طریقوں سے مستفید ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں تحقیق کے مواقع موجود ہیں، ہمارے سائنسدانوں کو ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ملک اور قوم کی خدمت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور ہمیں اس بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ اس کی ضروریات کا بھی خیال کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہمسایہ ملک چین نے ہر شعبہ میں پاکستان کی بہت مدد کی۔

چین سے ہمارے تعلقات دن بہ دن مزید بہتر سے بہتر ہو رہے ہیں۔ ہمیں چین کے مختلف شعبوں میں ترقی اور تحقیق سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ حکومت نے کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے ذریعے ملک بھر میں درخت لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے اس سے قبل خیبرپختونخوا میں ایک بلین درخت لگائے جسے عالمی سطح پر سراہا گیا اور اب ہم پورے ملک میں دس بلین درخت لگانے جارہے ہیں۔

تیزی سے رونما ہونے والی موسمی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے میں درخت بہترین ذریعہ ہیں اور ہمیں ابھی سے اپنے مستقبل کے بارے میں سوچنا ہوگا۔ اگر ہم نے کچھ نہ کیا تو مستقبل کی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے کہ پاکستان کو خوشحال اور مضبوط ملک بنایا جائے اور جس کے لئے مختلف شعبوں میں بھرپور کام ہوا ہے۔ اس موقع پر کامسٹیک کے حکام نے ادارے کے امور کار کے بارے پر روشنی ڈالی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات