حکومت متاثرین لیسوا کی بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے،سردار میر اکبر

جمعرات 18 جولائی 2019 19:23

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2019ء) وزیر جنگلات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار میر اکبر نے کہا ہے کہ حکومت متاثرین لیسوا کی بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے۔ متاثرین کی بحالی اور متاثرہ علاقے کی تعمیر نو کیلئے حکومت متاثرہ خاندانوں کو گھروں کی تعمیر کیلئے لکڑمفت فراہم کرے گی۔

رواں مالی سال میں 11.200ملین پودہ جات کی تیاری اور11000ایکڑ رقبہ پر شجر کاری کروائی جائے گی۔جنگلات کے بے دریغ کٹاؤ کو سختی کے ساتھ روکا جائے گا اور ریفاریسٹریشن سے آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ ہو گا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر آٹھمقام پی ڈبلیو ڈی گیسٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس سے پہلے انہوں نے نیلم کے آفت زدہ علاقے لیسوا کے دورے کے دوران ریسکیو اور امدادی کاروائیوں کا جائزہ لیا ۔

(جاری ہے)

وزیر جنگلات سردار میر اکبر نے سیلابی ریلے میں جان بحق ہونے والی شاہنوا ز بٹ کی تین بیٹیوں اُن کی اہلیہ اور بھابھی کی تعزیت کے لیے اُن کی رہائش گاہ پر گئے جبکہ اس حادثے میں جان بحق ہونے والے دیگر چار مقامی افراد سے بھی اُن کے عارضی گھروں میں جا کر فردا ًفرداً تعزیت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے سانحے میں جاںبحق ہونے والے افراد کیلئے فاتحہ خوانی کی اور لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔

دورے کے دوران ان کے ہمراہ ناظم اعلی جنگلات علاقائی خواجہ سجاد،ناظم جنگلات حد بندی ڈاکٹر اشفاق حیدری،ناظم جنگلات مظفرآباد غلام مجتبی مغل،ناظم جنگلات نیلم سرکل فیروز اعوان،ناظم تجدید چوہدری سلمان اقبال،مہتممین جنگلات خواجہ منظور مقبول،غلام احمد بٹ،سید عصمت حسین،چوہدری شہباز احمدو دیگر موجود رہے۔ قبل ازیں انہوں نے نوسیری کے مقام پر ڈیم میں فلیش فلڈ کے نتیجے میں آئی ہوئی لکڑی کی نکاسی کیلئے ناظم اعلی جنگلات کوموقع پر احکامات جاری کئے۔اس سے پہلے وزیر جنگلات سردار میر اکبر نے باڑیاںنرسری کا تفصیلی معائنہ کیا اور مہتمم جنگلات چوہدری شہباز احمدسے نرسری میں مختلف پودہ جات کی اقسام اور ان کی افادیت پر مکمل بریفنگ لی۔

متعلقہ عنوان :