Live Updates

نیب سے راہ فرار اختیار کرنیوالے شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری سے ان کی اپنی دلی خواہش پوری ہوئی‘

لیگی قیادت کی حکومت پر الزام تراشیاں اور وزیر اعظم کو احتساب کے اس عمل میں گھسیٹنا ان کی عمران خان سے ذاتی عداوت‘ حسد اور بغض ظاہر کرتا ہے‘ وزیر اعظم نے ملک میں قانون کی حکمرانی اور قانون کے یکساں اطلاق کو یقینی بنایا ‘ ماضی میں قانون کو تابع رکھنے والے آج خود قانون کے تابع آرہے ہیں ، لیگی قیادت میڈیاکی بجائے عدالتی فورم استعمال کرکے وہاں اپنی بے گناہی کا ثبوت دے وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی پریس کانفرنس

جمعرات 18 جولائی 2019 19:47

نیب سے راہ فرار اختیار کرنیوالے شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری سے ان کی ..
لاہور۔18 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2019ء) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نیب سے راہ فرار اختیار کرنیوالے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری سے ان کی اپنی دلی خواہش پوری ہوئی‘ لیگی قیادت کی حکومت پر الزام تراشیاں اور وزیر اعظم کو احتساب کے اس عمل میں گھسیٹنا ان کی عمران خان سے ذاتی عداوت‘ حسد اور بغض کو ظاہر کرتا ہے‘ وزیر اعظم کا صرف اتنا جرم ہے کہ انہوں نے ملک میں قانون کی حکمرانی اور قانون کے یکساں اطلاق کو یقینی بنایا‘ ماضی میں قانون کو تابع رکھنے والے آج خود قانون کے تابع آرہے ہیں اگر انہوں نے کچھ غلط نہیں کیا تو میڈیاپر ثبوت دینے کی بجائے عدالتی فورم استعمال کرکے وہاں اپنی بے گناہی کا ثبوت دیں‘ ملک میں عدالتیں آزاد اور ادارے بااختیار ہیں‘ وزیر اعظم عمران خان ملک میں یکساں قانون کے اطلاق کو یقینی بنا رہے ہیں ، اختیارات کے غلط استعمال اور کرپشن میں ملوث عناصر خواہ وہ اپوزیشن میں ہوں یا حکومت میں‘ ان پر قانون کا یکساں اطلاق ہو رہاہے جس کا ثبوت وزیر بلدیات اور وزیرجنگلات پنجاب کی گرفتاری سے ملتا ہے‘ وہ جمعرات کے روز یہاںایوان وزیر اعلیٰ90 شاہراہ قائد اعظم پر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں‘ ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز گل بھی اس موقع پر موجود تھے‘ ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہاکہ اس وقت جوں جوں قانون کی عملداری رنگ پکڑ رہی ہے تو ن لیگ کی قیادت کے چہروں کے رنگ بھی زرد ہو رہے ہیں‘ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا پریس کانفرنس کے دوران زرد رنگ یہ ثابت کر رہا تھا کہ قانون اپنا رنگ دکھا رہاہے‘ انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کی یہ خواہش تھی اور وہ بار بار یہ کہہ رہے تھے کہ نیب انہیں گرفتار کیوں نہیں کر رہا‘ جو نیب کاملزم ہوتا ہے وہ گرفتاری سے بچنے کیلئے قبل از گرفتاری ضمانت کرواتا ہے یا دیگر قانونی آپشن استعمال کرتا ہے لیکن انہوں نے اس طرح کا کوئی آپشن استعمال نہیں کیا جس سے وہ گرفتاری سے بچ سکتے‘ انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی چوری کھانے والے مجنوں نہ بنیں اور نوار شریف کے ساتھ جو انہوں نے عہدو پیماں نبھانے کی قسم کھائی تھی وہ پوری کریں وہ اتنی جلدی بوکھلا گئے ہیں‘ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کو بھی مکافات عمل سے گزرنا ہے‘ ضروری نہیں کہ نیب ہر شخص کو گرفتار کرے ، اگر نیب کسی شخص کو طلب کرتا ہے تو اس کو قانون کے مطابق اپنے اوپر لگے الزامات کا جواب دیناہوتا ہے تاہم نیب سے فرار اختیار کرنے کی بدولت شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی ان کی اپنی دلی خواہش پوری ہوئی‘ انہوں نے کہا کہ اس وقت جس جس کی داڑھی میں تنکا ہے اور اس کا ضمیر مطمئن نہیں وہ پریشان ہے، وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے داماد علی عمرا ن کے حوالے سے کہاکہ ایسا لگتا ہے کہ شہباز شریف علی عمران کو پوری قوم کا داماد ثابت کرنے پر تلے ہوئے ہیں تاہم اگر وہ شہباز شریف کے داماد ہیں تو انہیں واپس لانا ہے اور ملک کو قرضوں کے سمندر میں غوطے کھاتا چھوڑ کر چلے گئے اس کو پائوں پر کھڑے کرنے کیلئے ان لوگوں نے جو جائیدادیں ملک سے باہر بنائیں انہیں ملک میں واپس لانا ہے‘فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے دور حکومت میں قانون کا اطلاق یکساں ہو رہا ہے اور انہوں نے اداروں کو اختیار دیا ہے کہ جو بھی کرپٹ پریکٹسز یا اختیارات کے ناجائزاستعمال میںملوث ہے خواہ وہ حکومت میں ہو یا اپوزیشن ہو‘قانون کی نظر میں سب یکساں ہیں اور کوئی مقدس گائے نہیں‘ پاکستان تحریک انصاف کے وزیر بلدیات پنجاب عبدالعلیم خان کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری ہوئی اور وہ قانونی پراسیس کے ذریعے باہر آئے اسی طرح وزیر جنگلات پنجاب سبطین خان کی گرفتاری ہوئی اور وہ نیب کی حراست میں ہیں اس طرح کی مثال ن لیگ کے دور میں کہیں نہیں ملتی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات