بھارتی کرکٹ بورڈ نے ویرات کوہلی کو مشاورت سے بھی محروم کردیا

نئے کوچ کا حتمی انتخاب سابق کرکٹ کپتان کپل دیو کریں گے،کوہلی سائیڈ لائن

جمعرات 18 جولائی 2019 20:45

بھارتی کرکٹ بورڈ نے ویرات کوہلی کو مشاورت سے بھی محروم کردیا
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جولائی2019ء) کرکٹ ورلڈ کپ میں کپتان ویرات کوہلی کی قیادت میں بری کارکردگی دکھانے والی بھارتی کرکٹ ٹیم کے لیے نئے کوچ اور دیگر اسٹاف کی کھوج میں سرگرداں بھارتی کرکٹ بورڈ نے جہاں مطلوبہ افراد کی تلاش کے لیے اشتہارات جاری کردیے ہیں وہیں نامور بلے باز کو اہم ترین فیصلوں میں مشاورت سے بھی محروم کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو کوچ کے انتخابی عمل سے یکسر علیحدہ کردیا گیا ہے جس کے معنی یہ ہوں گے کہ اس مرتبہ ان کی پسند اور نا پسند کا خیال نہیں رکھا جائے گا۔2017 میں جب روی شاستری کو بھارتی کرکٹ ٹیم کا کوچ بنایا گیا تھا تو ویرات کوہلی کی رائے لی گئی تھی۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق 2017میں ہی جب بطور کوچ انیل کمبلے کو ہٹایا گیا تھا تو اس کے پس پردہ محرکات میں بھی انھی کا نام آیا تھا کیونکہ ویرات کوہلی کو ان پر اعتراض تھا۔

(جاری ہے)

نئے کوچ کا حتمی انتخاب سابق کرکٹ کپتان کپل دیو کریں گے جس کے بعد تو ثیقی سند سی او اے کی ثبت ہوگی۔بی سی سی آئی کے ایک افسر نے نام نہ بتانے کی شرط پر کہا کہ اس مرتبہ کپل دیو نئے کوچ پر ویرات کوہلی سے مشاورت نہیں کریں گے اور نہ رائے لیں گے۔اخبار نے دعوی کیا ہے کہ اس مرتبہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے سپورٹنگ سٹاف کا انتخاب بھی ٹیم کے سلیکٹرز کریں گے جب کہ گزشتہ مرتبہ روی شاستری نے ازخود سپورٹنگ سٹاف کا انتخاب کیا تھا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ نے کوچ سمیت دیگر سپورٹنگ سٹاف کے لیے درخواستیں طلب کررکھی ہیں،یہ درخواستیں 30 جولائی 2019 کی شام پانچ بجے تک جمع کرائی جا سکتی ہیں۔جن عہدوں کے لیے درخواستیں طلب کی گئی ہیں ان میں ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ، بیٹنگ کوچ،بالنگ کوچ، فیلڈنگ کوچ، فیزیوتھراپسٹ اور انتظامی منیجر شامل ہیں۔