فیصل آباد، ہمت پورہ سے دواخانہ کے مالک کو اغوا کرکے اڑھائی لاکھ روپے تاوان وصول کرنے میں پولیس اہلکار ملوث نکلے

پولیس نے کانسٹیبل افضل گجر اور یاسر جبکہ رضاکار محسن شہزاد اور قیصر کو حراست میں لیکر باز پرس شروع کردی

جمعرات 18 جولائی 2019 21:22

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جولائی2019ء) تھانہ صدر کے علاقہ ہمت پورہ سے دواخانہ کے مالک کو اغوا کرکے اڑھائی لاکھ روپے تاوان وصول کرنے میں پولیس اہلکار ملوث نکلے۔ پولیس نے کانسٹیبل افضل گجر اور یاسر جبکہ رضاکار محسن شہزاد اور قیصر کو حراست میں لیکر باز پرس شروع کردی۔ آن لائن کے مطابق 214ر۔ب ڈھڈی والا کے رہائشی محمد احمد نے پولیس کو دی جانے والی درخواست میں بتایا کہ جولائی کو اس کے دوست ارسلان سلیم سکنہ ہمت پورہ نے بتایا کہ اس کے والد محمد سلیم جوکہ بسم اللہ دواخانہ کے نام سے کاروبار کرتے ہیں ان کو نامعلوم ملزمان نے کال کرکے گھر سے بلایا جوکہ واپس نہ آئے ہیں۔

بعدازاں ارسلان سلیم کو کال آئی کہ اس کے والد نے بتایا کہ اس کو چار افراد نے اغوا کر لیا ہے رہائی کے عوض 12 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بعدازاں دوبارہ رابطہ کرنے پر معاملات اڑھائی لاکھ روپے میں طے پا گئے تو انہوں نے ملزمان کی جانب سے بتائی جانے والی جگہ پر مطلوبہ رقم پہنچائی تو موٹر سائیکل سوار تاوان کی رقم وصول کرکے چلے گئے تو کچھ دیر بعد دوست کا والد محمد سلیم بھی موقع پر پہنچ گیا۔ بعدازاں پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مغوی کی نشاندہی پر کانسٹیبل افضل گجر، کانسٹیبل یاسر احمد اور رضا کاروں محسن شہزاد اور قیصر کو حراست میں لے کر بازپرس شروع کر دی ہے۔