ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات

دونوں رہنماؤں نے موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہء خیال کیا

جمعرات 18 جولائی 2019 22:02

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2019ء) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہء خیال کیا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے چیئرمین سینیٹ کی خدمات پر اعتماد کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سینیٹ وفاق کی علامت ہے اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی بہترین انداز میں سینیٹ چلا رہے ہیں، وہ پاکستان اور بلوچستان کے لئے سوچ رہے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی بلوچستان اور ملک کیلئے خدمات کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے بلوچستان جیسے چھوٹے صوبے سے وفاق میں دو اہم سیٹوں پر نمائندگی دینے پر موجودہ سیاسی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔