Live Updates

شہباز شریف کے لیے کن کن لوگوں نے منی لانڈرنگ کی؟ شہزاد اکبر نے بڑا اعلان کر دیا

آئندہ ہفتے شہباز شریف کو بتاؤں گا کہ ان کے کیلئے کن کن لوگوں نے منی لانڈرنگ کی، معاون خصوصی برائے احتساب

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 18 جولائی 2019 19:42

شہباز شریف کے لیے کن کن لوگوں نے منی لانڈرنگ کی؟ شہزاد اکبر نے بڑا اعلان ..
اسلام آباد (اردواپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18جوالائی 2019ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ وہ آئندہ ہفتے شہباز شریف کو یہ بتائیں گے کہ ان کے کیلئے کن کن لوگوں نے منی لانڈرنگ کی۔شہزاد اکبر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’شہباز شریف صاحب ہم آپ سے ایرا فنڈز میں سے کی گئی صرف 3 ادائیگیوں کا پوچھ رہے ہیں اس کا جواب دے دیں، قوم کو گمراہ نہ کریں، یہ بتائیں کہ آپ کے داماد علی عمران کو 6 کروڑ کیوں دیے گئے؟‘شہزاداکبر نے مزید کہا کہ ہم صرف 3 ادائیگیوں کاپوچھ رہے ہیں جو حکومت پنجاب کے ارتھ کوئک ریلیف اینڈ ری کنسٹرکشن اتھارٹی سے کی گئیں۔

معاون خصوصی برائے احتساب نے بتایا کہ 6 ستمبر 2012 کو 2کروڑ روپے کی پہلی ادائیگی کی گئی، دوسری ادائیگی ایک کروڑ 30 لاکھ روپے کی مارچ 2013 میں کی گئی، تیسری ادائیگی دو کروڑ 70 لاکھ روپے کی جولائی 2011 میں کی گئی، تینوں ادائیگیوں کی رقم ملا کر 6 کروڑ روپے بنتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 13کروڑ روپے ادائیگی سے زمین خریدی گئی، چیک سے ادائیگی نوید اکرام نے کی، پاور آف اٹارنی علی عمران کے نام کی تھی، نوید اکرام ایرا کے پیسے سے زمین کیسے خریدرہاتھا؟معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا کہ نوید اکرام نے عدالت میں علی عمران کا کردار بتایا، نوید اکرام کے معاملے میں شہبازشریف کا انصاف سمجھ نہیں آیا، شہبازشریف کی پریس کانفرنس کی اصل وجہ یہ ہے کہ پورے ٹبر کی چوری پکڑی گئی، نوید اکرام غریب تھا تو چھترول کرادی، علی عمران کو لندن بھیج دیا، نوید اکرام نے عدالت میں علی عمران سے تعلق کے بارے میں بتایا۔

انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ ہفتے شہباز شریف کو یہ بتائیں گے کہ ان کے کیلئے کن کن لوگوں نے منی لانڈرنگ کی۔ انہوں نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے آج شعبدہ بازی کی۔ شہبازشریف نے اصل حقائق چرانے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ بےگناہی کے ثبوت دینے کا فورم عدالتیں ہیں وہاں بےگناہی کے ثبوت دینے چاہیے۔

شہباز شریف میڈیا کے بجائے اپنی صفائی عدالتوں میں دیں۔ ن لیگ حکومت کو نیب کے عمل میں گھسیٹ رہی ہے۔ حکومت کا وزیربلدیات نیب کے ہاتھوں گرفتارہوئے او قانونی پراسس کے بعد رہا ہوئے۔ وزیر جنگلات بھی گرفتار ہوا اور اس وقت نیب کی حراست میں ہیں۔ ن لیگ کے دور میں کوئی ایک مثال بتا دیں جس میں وزیر گرفتار ہوا ہو۔ ادارے آزاد ہیں اور شفاف انداز میں کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے قبل ازگرفتاری ضمانت نہیں کروائی۔ نیب کے بلاوے اور گرفتاری میں فرق ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا اتنا جرم ہے کہ انہوں نے قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات