سپر ہائی وے پر قائم ایشیا کی سب سے بڑی قربانی کے جانوروں کی مویشی منڈی میں اب تک ایک لاکھ سے زاہد جانور لائے جا چکے ہیں

جمعرات 18 جولائی 2019 23:45

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2019ء) سپر ہائی وے پر قائم ایشیا کی سب سے بڑی قربانی کے جانوروں کی مویشی منڈی میں اب تک ایک لاکھ سے زاہد جانور لائے جا چکے ہیں۔ جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ میں مویشی منڈی کے ترجمان یاور رضا نے بتایا ہے کہ وی وی آئی پیز ایریاز میں آفریدی کیٹل فارم، سورتی کیٹل فارم، سرمہ والا کیٹل فارم، سیون ایٹ سکس کیٹل فارم اور سوپر اسٹار کیٹل فارم حیدرآباد کی جانب سے جگ مگ کرتے خوبصورت اسٹال سجا دیئے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مویشی منڈی میں شہریوں کے لئے فوڈ اسٹریٹ پر سجی دکانوں میں کھانے پینے کی ہر چیز میسر ہے جہاں بچوں کے ہمراہ رات کو آنے والی فیملیز اپنے لئے قربانی کے جانور پسند کر رہے ہیں اور لذیذ کھانوں سے بھی لطف اندوز ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ پرامن ماحول میں روزانہ ہزاروں شہری سپرہائی وے مویشی منڈی کا رخ کر رہے ہیں، اس بار قربانی کے جانوروں کی کثیر تعداد کے پیش نظر مویشی منڈی کا رقبہ 700 ایکڑ اراضی سے بڑھا کر 900 ایکڑ پر مشتمل کیا جا چکا ہے، 48 بلاک میں سے 22 وی آئی پی اور 6 وی وی آئی پی اور دیگر جنرل بلاکس میں مویشیوں کو روز پینے کے لئے فی جانور 16 لیٹر پانی مفت فراہم کیا جا رہا ہے، پارکنگ ایریا میں صحافیوں کے لئے پارکنگ کی مفت جگہ مختص کی گئی ہے جبکہ عام شہریوں سے بائیک کی پارکنگ فیس 20 روپے اور کار کی 30 روپے وصول کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جانوروں کو پانی کی سہولت فراہم کے لئے پوری مویشی منڈی میں 70 سے زائد پختہ ندیاں بنا کر ان میں آٹھ ٹینکرز کے ذریعے پانی کی سپلائی روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے، پنجاب اور اندرون سندھ سے آنے والے جانوروں کی فیومیگیشن کی جا رہی ہے اور ڈینگی سے بچاؤ کے لئے اسپرے بھی کیا جا رہا ہے۔ یاور رضا نے بتایا کہ بیوپاریوں کی سہولت کے لیے بیچ مرکز میں ایک ایڈمنسٹریٹر بلاک قائم کیا گیا ہے جبکہ ساتھ ہی حبیب میٹرو بینک کی جانب سے اے ٹی ایم کی سہولت بھی موجود ہے جہاں مویشیوں کے بیوپاری چالان جمع کرا کے اسٹالز بک کرا رہے ہیں، اب تک تقریباً تمام اسٹالز بک ہو چکے ہیں اور کسی بھی قسم کی شکایت کے ازالہ کے لیے ایک مانیٹرنگ سیل بھی قائم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو ہر قسم کی آگاہی کے لیے لمحہ بہ لمحہ میڈیا سیل سے خبریں بروقت ارسال کی جاتی ہیں، ایڈمنسٹریٹر بلاک میں انتظامیہ کی جانب سے بیوپاریوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات سے بچنے کے لئے مکمل آگاہی دی جا رہی ہے۔