مبینہ ویڈیو سکینڈل میں ایف آئی اے سائبر ونگ نے لیگی رہنما میاں رضا سے پوچھ گچھ کا فیصلہ کرلیا

جمعرات 18 جولائی 2019 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2019ء) مبینہ ویڈیو سکینڈل میں ایف آئی اے سائبر ونگ نے لیگی رہنما میاں رضا سے پوچھ گچھ کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے سائبر ونگ کی ایک ٹیم پوچھ گچھ کیلئے لاہور جائے گی، جج ارشد ملک کے مطابق میاں رضا نے طارق محمود سے ویڈیو خریدی تھی، مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔

ذرائع کے مطابق ناصر جنجوعہ، ناصر بٹ، خرم یوسف اور مہر جیلانی کو گرفتار کیا جائیگا، میاں طارق محمود کو (آج)جمعہ کو عدالت میں پیش کر کے مزید ریمانڈ لیا جائے گا، مقدمہ پیکا ایکٹ اور الیکٹرانک کرائم ایکٹ 2016 کے تحت درج کیا گیا، ملزمان کیخلاف مقدمے میں سائبر کرائم ایکٹ کی 8 دفعات شامل کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے سابق جج نے ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا کہ میں 2000 سے 2003 تک ملتان میں تعینات رہا، میاں طارق نے نشہ آور چیز پلا کر میری خفیہ ویڈیو بنائی، مجھے بلیک میل کرنے کے لئے ویڈیو کو غیراخلاقی رنگ دیا، کئی سال گزرنے کے بعد اب پتہ چلا کہ میاں طارق نے وہ ویڈیو لاہور کے ن لیگی رہنما میاں رضا کو بیچ دی۔

اس ویڈیو سے ناصر جنجوعہ، ناصر بٹ، خرم یوسف اور مہر غلام جیلانی نے بلیک میل کیا، ملزمان مجھ پر سزا یافتہ میاں نواز شریف کی مدد کرنے کیلئے دباؤ ڈالتے رہے، بلیک میلرز نے اپنے مفاد کے لئے جاتی عمرہ لاہور میں نواز شریف اور مدینہ منورہ میں حسین نواز سے ملوایا، دونوں ملاقاتوں کی خفیہ آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگ کی۔