حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ آہستہ آہستہ گرفتاریاں کر کے اپوزیشن کے تمام لوگوں کو جیل میں ڈال دینا ہے، سینئیر صحافی کا دعویٰ

اتنی گرفتاریاں ہوں گی کہ ہمیں انٹرویو کے لیے ن لیگ کا کوئی بندہ ہی نہیں ملے گا، عارف نظامی کا تبصرہ

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 18 جولائی 2019 22:56

حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ آہستہ آہستہ گرفتاریاں کر کے اپوزیشن کے تمام ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18جولائی 2019ء) سینئیر صحافی عارف نظامی نے دعویٰ ہے کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ آہستہ آہستہ گرفتاریاں کر کے اپوزیشن کے تمام لوگوں کو جیل میں ڈال دینا ہے۔ سینئیر صحافی نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی پہلے ہمارے پروگرام میں آتے تھے آج انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے، حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ آہستہ آہستہ گرفتاریوں کر کے اپوزیشن کے تمام لوگوں کو جیل میں ڈال دینا ہے۔

عارف نظامی نے کہا کہ اتنی گرفتاریاں ہوں گی کہ ہمیں انٹرویو کے لیے ن لیگ کا کوئی بندہ ہی نہیں ملے گا۔ خیال رہے کہ آج سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو لاہور کے ٹول پلازہ سے گرفتار کیا گیا ۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ نیب نے آج سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو طلب کر رکھا تھا لیکن انہوں نے نیب کے سامنے پیش ہونے سے معذرت کر لی تھی۔

نیب راولپنڈی نے شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی ٹرمینل کا غیر قانونی ٹھیکہ دینے کے الزام میں تفتیش کے لیے طلب کیا تھا اور سابق وزیراعظم کو صبح 10 بجے نیب راولپنڈی میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی لیکن وہ پیش نہیں ہوئے۔ واضح رہے کہ گذشتہ سال چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسیکے خلاف بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات کی تحقیقات کی منظوری دی گئی تھی۔

نیب کے مطابق شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی ٹرمینل کا ٹھیکہ قواعد و ضوابط کے خلاف دینے کے الزام میں تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان نے من پسند کمپنی کو 15 سال کا ٹھیکہ خلاف ضابطہ دیا جس سے قومی خزانے کو مبینہ طور پر اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔ دوسری جانب گذشتہ روز چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ادارہ ’’احتساب سب کے لیے‘‘ کی پالیسی پر گامزن ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی ناسور اور ملکی ترقی و خوشحالی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔