مجھے فون کال سے پتہ چلا کہ اے این ایف والے رانا ثناء اللہ کے ہم شکل کی ویڈیو بنانا چاہ رہے ہیں

رانا ثناء اللہ کی اہلیہ نبیلہ ثناء نے اینٹی نارکوٹکس فورس سے متعلق دعویٰ کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 19 جولائی 2019 10:55

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جولائی 2019ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ کی اہلیہ نبیلہ ثناء نے دعویٰ کیا کہ مجھے ایک فون کال آئی جس سے مجھے پتہ چلا کہ اے این ایف والے رانا ثناء اللہ کی گاڑیاں لے کر موٹروے پر جا کر ان کے ہم شکل شخص پر ویڈیو کلپ بنانا چاہ رہے ہیں تاکہ جھوٹ کو سچ ثابت کیا جا سکے۔

سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں نبیلہ ثناء کا کہنا تھا کہ وہ شخص کسی ٹی وی چینل کا ملازم ہے جس کی شکل و صورت رانا صاحب سے ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اینٹی نارکوٹکس فورس نے ایسی ویسی کوئی حرکت کی ، جو مجھے یقین ہے کہ وہ کر رہے ہوں گے کیونکہ رانا صاحب کی گاڑیاں موٹروے کے پاس دیکھی گئی ہیں، تو آپ سب اب خود ہی دیکھ لیں کہ اس سے بڑی زیادتی یا ظلم کیا ہو گا کہ ایک ڈپلیکیٹ کے ذریعے جھوٹ کو سچ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

میرا اللہ پر اتنا بھروسہ اور یقین ہے کہ جھوٹ جھوٹ ہوتا ہے اور سچ سچ ہوتا ہے۔ اور ہم دیکھیں گے کہ یہ جھوٹ ان کے اپنے گلے پڑ جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں آپ سب سے دعا کی اپیل کرتی ہوں کہ اللہ رانا صاحب کی مشکلات آسان کرے اور میں آپ سب سے آپ کے ساتھ کی اُمید چاہتی ہوں۔ انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں مزید کیا کہا آپ بھی ملاحظہ کیجئیے: یاد رہے کہ سابق صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ کو گاڑی سے منشیات برآمد ہونے کے الزام میں اینٹی نارکوٹکس فورس نے گرفتار کیا تھا۔

یاد رہے کہ یکم جولائی کو مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناءاللہ کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ ترجمان اے این ایف ریاض سومرو نے رانا ثنا ء اللہ کی گاڑی سے منشیات برآمد ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔ اے این ایف کے ترجمان ریاض سومرو نے رانا ثنا اللہ خان گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی گاڑی سے منشیات کی بھاری مقدار برآمد ہوئی اور ان کے خلاف نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ۔