سندھ ہائیکورٹ نے مفتاح اسماعیل کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی

سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور عمران الحق کی ضمانت 7 روز کے لیے منظور کی گئی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 19 جولائی 2019 11:46

سندھ ہائیکورٹ نے مفتاح اسماعیل کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جولائی 2019ء) :سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے گرفتاری کے ڈر سے سندھ ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت کے لیے درخواست دائر کی تھی۔سندھ ہائیکورٹ میں آج مفتاح اسماعیل کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ لیگی رہنما مفتاح اسماعیل نے حفاظتی ضمانت کے لیے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ نیب تحقیقات کا سامنا کرنے کو تیار ہوں، نیب کارروائی بدنیتی پر مبنی ہے، گرفتاری کا خدشہ ہے، حفاظتی ضمانت دی جائے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے مفتاح اسماعیل کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔ مفتاح اسماعیل اور عمران الحق کی 7 روز کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کر لی گئی ہے۔سندھ ہائیکورٹ نے مفتاح اسماعیل اور عمران اسماعیل کی ضمانت 5 لاکھ کے حفاظتی مچلکوں کے عوض منظور کی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کے بعد نیب نے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی گرفتاری کا بھی فیصلہ کیا تھا جس کے تحت مفتاح اسماعیل کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔

گذشتہ روز نیب حکام نے مفتاح اسماعیل کے گھر پر چھاپہ مارا تھا،مفتاح اسماعیل کے گھر میں تہہ خانے اور بالائی منزل کی تلاشی لی گئی،نیب ٹیم نے مفتاح اسماعیل کے گھر والو ں سے سوالات کیے، اور ملازمین سے پوچھ گچھ کی۔ نیب نے تین فیملی ممبران اور 2 ملازمین کے بیان ریکارڈ کیے تھے۔نیب ٹیم میں خواتین اہلکار بھی شامل تھیں۔ لیکن سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل گھر پر موجود نہیں تھے جس کی وجہ سے ان کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی تھی، سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے سندھ ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو شاہد خاقان عباسی جیسا مخلص شخص کم ہی ملے گا، وہ شریف اور ایماندار شخص ہے، میرے گھر پر چھاپوں کی ضرورت نہیں تھی، مجھے جب بھی بلایا گیا میں نیب میں پیش ہوا، اب عدالت آیا ہوں، عدالت میں اپنی درخواست رکھوں گا، جو عدالت کا فیصلہ ہوگا میں تسلیم کروں گا۔