مریم نواز کی احتساب عدالت سے ریلیف ملنے پر نیب پر دلچسپ تنقید

ہڑبڑاہٹ میں جج اور نیب اپنا ہی تماشہ بنا بیٹھے،جیسے ارشد ملک کو اب یاد آیا کہ رشوت کی پیشکش کی گئی اسی طرح نیب کو ایک سال بعد یاد آیا کہ مجھے مزید سزا ملنی چاہیے۔ مریم نواز کا ٹویٹ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 19 جولائی 2019 12:18

مریم نواز کی احتساب عدالت سے ریلیف ملنے پر نیب پر دلچسپ تنقید
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جولائی 2019ء) : احتساب عدالت نے مریم نواز کے خلاف نیب کی جعلی ٹرسٹ ڈیڈ کی درخواست مسترد کر دی ہے،اسی حوالے سے اب مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کیا ہے اور کہا ہے کہ جیسے جج ارشد ملک کو میری پریس کانفرنس کے بعد اچانک یاد آیا کے انکو رشوت کی پیشکش کی گئی اور بلیک میل کیا گیا، اسی طرح نیب کی یادداشت ایک سال بعد لوٹ آئی اور اسکو یاد آیا کے مجھے مزید سزا ملنی چاہیے۔

ہڑبڑاہٹ میں جج اور نیب اپنا ہی تماشہ بنا بیٹھے۔
مریم نواز نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ اصل بات یہ کہ جج ارشد ملک کی غلطی اور انسانی کمزوری کی سزا بےگناہ نواز شریف کو کیوں ملی؟ جج کے گناہ کی سزا نواز شریف کیوں بھگتے؟ جج کو ہٹا دیا گیا مگر اسکا غلط فیصلہ کیوں برقرار ہے؟ نواز شریف آج بھی کیوں قید خانے میں ہے؟ کوئی جواب اور جواز ہے اس بات کا؟
یاد رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں سابق وزیرِاعظم نواز شریف کو 10 سال قید، ایک ارب 29 کروڑ روپے جُرمانہ، مریم نوازکو سات سال قید، 32 کروڑ روپے جُرمانہ، شریف فیملی کے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس بحقِ سرکار ضبط کرنے کا حکم اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو بھی ایک سال قید بامشقت کی سزا سنائی تھی۔

(جاری ہے)

جس کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔ بعد ازاں گذشتہ برس ستمبر میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف،ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کو سنائی گئی سزا معطل کرتے ہوئے تینوں کی رہائی کا حکم دے دیا تھا جس کے بعد انہیں اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا تھا۔