دُبئی میں لذیذ و دیدہ زیب پاکستانی آموں کا میلہ سج گیا

’پاکستان کنگڈم آف مینگو‘نامی نمائش میں آموں کی 250سے زائد اقسام پیش کی گئی ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 19 جولائی 2019 13:02

دُبئی میں لذیذ و دیدہ زیب پاکستانی آموں کا میلہ سج گیا
دُبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19جولائی 2019ء) آم کو پھلوں کا بادشاہ کہا جاتا ہے۔ پاکستانی آم اپنی سینکڑوں اقسام،ذائقے، رنگت اور غذائیت کی وجہ سے دُنیا بھر میں بہترین آم مانے جاتے ہیں۔ اسی وجہ سے یہ دُنیا کے ہر خطے میں ہاتھوں ہاتھ بکتے ہیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ یورپی اور عربی باشندے بھی اس مٹھاس سے بھرے پھل کے رسیا ہوتے جا رہے ہیں۔ متحدہ عرب امارات بھی پاکستانی آموں کی بڑی منڈی بن چکی ہے۔

گزشتہ دِنوں دُبئی میں پاکستان قونصلیٹ کے زیراہتمام ’پاکستان کنگڈم آف مینگو‘ کے عنوان سے آموں کا میلہ منعقد ہوا جس میں آموں کی 250 سے زائد اقسام کی نمائش کی گئی۔ جن میں چونسہ، انور رٹول، سندھڑی، لنگڑا، دسہری اور سالہہ بھائی جیسی آم کی مشہور و معروف اقسام بھی شامل تھیں۔

(جاری ہے)

انہی اقسام نے لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول بھی کرائی۔ اس مینگو میلے کا انعقاد پاکستانی قونصل جنرل احمد امجد علی اورکمرشل قونصلر ڈاکٹر ناصر خان کے تعاون سے کیا گیا۔

اس تقریب میں 30سے زائد ممالک کے سفارتکاروں ،متحدہ عرب امارات گورنمنٹ کی اعلیٰ شخصیات، وزارتوں اور تنظیموں کے علاوہ پاکستانی ا ور دیگر ممالک کے بزنس کونسلز،ایسوسی ایشنز اور معروف کاروباری شخصیات نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں متحدہ امارات،جاپان، ترکی ،اٹلی ،سری لنکا، تھائی لینڈ، انڈو نیشیا، کوریا، چین ، فلپائن،مصر، سوڈان اور دیگر ممالک کے سفارت کار شریک ہوئے۔

قونصلر جنرل پاکستان قونصلیٹ دبئی احمد امجدعلی نے اس موقع پر اپنے خیالات کاا ظہار کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال امارات میں پاکستانی آموں کی درآمدکا ہدف ایک ارب 80 کروڑ ڈالر مقرر کیا گیا ہے جو کہ آئندہ سال مزید بڑھایا جائے گا۔ اس وقت پاکستان میں پیکنگ اور دیگر پراسس کے کاموں کو بڑے ماہرانہ انداز میں احسن طریقہ سے مکمل کیا جارہا ہے جس سے دُنیا بھر میں پاکستانی آموں کی برآمدات میں بڑا مثبت اضافہ متوقع ہے۔اس تین روزہ نمائش کے پہلے روز سفارتی اہلکاروں ،اعلیٰ سطحی حکومتی عہدے داروں، معروف کاروباری شخضیات، امپورٹرز اور ٹریڈرز کو مدعو کیا گیاجبکہ دُوسرے اور تیسرے دن عام لوگ نمائش میں شریک ہوئے۔