13 سالہ بچی سے زیادتی کا ملزم سعودی عرب سے گرفتار

بھارتی باشندہ نے جس بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا ، اُس نے بعد میں خود کُشی کر لی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 19 جولائی 2019 13:34

13 سالہ بچی سے زیادتی کا ملزم سعودی عرب سے گرفتار
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19جولائی 2019ء) سعودی پولیس نے 13 سالہ بچی سے زیادتی کرنے والے ایک بھارتی شہری کو گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست کیرالا کے رہائشی 38 سالہ سُنیل کُمار نے دو سال قبل اپنے علاقے کی ایک دلِت بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ اپنی عزت سے محروم ہونے پر اس تیرہ سالہ بچی نے خود کُشی کر لی تھی۔

تاہم ملزم قانون کی گرفت سے بچنے کے لیے فرار ہو کر سعودی عرب آ گیا تھا اور یہیں نوکری کر رہا تھا۔ بھارتی پولیس کو کافی عرصہ تک سُنیل کمار کے بارے میں کوئی اطلاع نہ مِل سکی۔ آخر جب خاتون پولیس کمشنر میرین جوزف نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالا تو انہوں نے خواتین اور بچوں سے متعلق زیر التواء کیسز کو نمٹانے پر خصوصی توجہ دی۔

(جاری ہے)

انہی میں سے ایک کیس جب مظلوم بچی کا سامنے آیا تو پولیس کمشنر میرین جوزف نے بچی سے زیادتی کرنے والے سفاک بھیڑیئے سُنیل کمار کو سزا دلوانے کے لیے دِن رات ایک کر دی۔

سُنیل کمار کا سُراغ لگایا گیا تو پتا چلا کہ وہ ریاض میں مقیم ہے۔ جس پر انٹرپول کی مدد لی گئی جس نے ملزم کو 3 ہفتے قبل گرفتار کر لیا تھا۔ ملزم کی بھارتی پولیس کو حوالگی کی خاطر کیرالہ پولیس کی خصوصی ٹیم خاتون پولیس کمشنر میرین جوزف کی سربراہی میں ریاض پہنچی اور ملزم کو لے کر واپس کیرالا روانہ ہو گئی۔ میرین جوزف نے بتایا کہ ملزم سنیل کمار نے 2017 میں13سالہ بچی کو ریاست کیرالہ میں اپنے آبائی گاؤں کلپانہ میں اس وقت زیادتی کا نشانہ بنایا تھا جب وہ چھٹیوں پر آیا ہو اتھا۔

زیادتی کے واقعہ کے بعد متاثرہ بچی نے 8جولائی2017 کو خود کشی کرلی تھی۔ ملزم کی گرفتاری اور واپسی انٹرپول کی مدد کے بغیر ممکن نہیں تھی۔سنیل کمار پہلا ملزم ہے جسے سعودی عرب اور انڈیا کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے بعد ریاست کیرالہ ڈی پورٹ کیا گیا۔