جموں و کشمیر نظریاتی،تہذیبی اور جغرافیائی اعتبار سے پاکستان کا حصہ ہی: تحریک وحدت اسلامی

پاکستان سے الحاق کی تاریخی قرارداد پر عمل درآمد تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

جمعہ 19 جولائی 2019 15:23

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2019ء) مقبوضہ کشمیر میں تحریک وحدت اسلامی نے کہا ہے کہ کشمیریوں نے 19جولائی 1947کو سرینگر میں ’’الحاق پاکستان ‘‘ کی قرار داد منظور کر کے اپنا سیاسی مستقبل مملکت خداد اد کے ساتھ وابستہ کر لیا تھا۔ تنظیم نے پاکستان کیساتھ الحاق کی تاریخی قرارداد پر عملدر آمد تک جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق یوم الحاق پاکستان کی مناسبت سے تحریک وحدت اسلامی کی جنرل کونسل کا اجلاس سرینگر میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے بعد تنظیم کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ جموںوکشمیر مسلم کانفرنس نے 19جولائی 1947کو جو قرار داد منظور کی تھی اس میں یہ بات واضح کی گئی کہ جموں و کشمیر نظریاتی،تہذیبی اور جغرافیائی اعتبار سے پاکستان کا حصہ ہے لہذا اس روز جس منزل کی نشاندہی کی گئی اس منزل کے حصول کے لئے کشمیری گزشتہ سات دہائیوں سے بے مثال قربانیاں دیتے چلے آرہے ہیں۔

(جاری ہے)

بیان میںکہا گیا کہ اس وقت آزادی کی جو تحریک رواں دواں ہے اس کا واحد مقصد یہ ہے کہ جموںو کشمیر بھارت کے ناجائز تسلط سے آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے۔اجلاس میں کہا گیا کہ آج اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ پوری ریاست جموںوکشمیر کے پاکستان کیساتھ الحاق تک کشمیریوں کی جدوجہد جاری رہے گی ۔اجلاس میں معروف مجاہد کمانڈرگلزار احمد بٹ المعروف عابد کشمیری کو انکے یوم شہادت پر زبردست خراج عقیدت پیش کیاگیا۔بھارتی فوجیوں نے گلزار احمد بٹ کو 20جولائی 1994کو ماگام کے علاقے سویپورہ میں ایک جھڑپ کے دوران شہیدکردیاتھا۔اجلاس میں تمام شہداء کشمیر کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی اور انکے عظیم مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔