کمشنر ساہیوال نے غلہ منڈی پاکپتن کی شہر سے باہر فوری منتقلی کے احکامات جاری کر دیے

جمعہ 19 جولائی 2019 15:40

چیچہ وطنی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2019ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن ندیم الرحمن نے غلہ منڈی پاکپتن کی شہر سے باہر فوری منتقلی کے احکامات جاری کر دیے۔انہوں نے ہدایت کی کہتعمیراتی کام شروع کرنے کے لئے تمام ہوم ورک جلد مکمل کیا جائیاور کام کے معیار کی بھی کڑی نگرانی کی جائے۔تفصیلات کے مطابق تاجروں ،آڑھتیوں اور کسانوں کی سہولت کے لئے پاکپتن کی غلہ منڈی شہر سے باہر منتقل کرنے کا منصوبہ 2007میں بتایا گیا جس کے لئے 210کنال جگہ بھی خریدی گئی تاہم 12سال گزرنے کے باوجود منصوبے پر کام شروع نہیں ہو سکا اور غلہ منڈی کی شہر کی گنجان آبادی میں موجودگی سے ٹریفک کے سنگین مسائل پیدا ہوئے۔

کمشنر ندیم الرحمن نے شہریوں کی مشکلات کے پیش نظر غلہ منڈی کے رکے ہوئے کام کو جلد شروع کرنے کی ہدایت کی اور اپنے دفتر میں ایک ہونے والے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے تمام ہوم ورک جلد مکمل کرنے کی سختی سے ہدایت کی تا کہ تعمیراتی کام فوری شروع کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر پاکپتن احمد کمال مان نے بتایا کہ 10کروڑ87لاکھ روپے کی رقم سے دیپالپور روڈ پر 210کنال اراضی ایکوائر کی جا چکی ہے جس میں 329دوکانیں قائم کی جائیں گی جبکہ موجودہ منڈی کی 23کنال اراضی پر 114دوکانیں کام کر رہی ہیں جو آڑھتیوں کی ضروریات سے بہت کم ہیں کمشنر ندیم الرحمن نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ لے آئوٹ پلان کے مطابق منڈی کے تعمیراتی تخمینہ اور مزید زمین حاصل کرنے کے لئے ضروری کارروائی فوری مکمل کی جائے تا کہ منصوبے کی منظوری حاصل کر کے تعمیراتی کام شروع ہو اور پاکپتن کے تاجروں اور عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو سکے ۔

متعلقہ عنوان :