مریم نواز اور شاہد خاقان عباسی کی احتساب عدالت پیشی کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات

جمعہ 19 جولائی 2019 16:14

مریم نواز اور شاہد خاقان عباسی کی احتساب عدالت پیشی کے موقع پر سیکورٹی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2019ء) سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی احتساب عدالت پیشی کے موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ ڈی آئی جی سیکورٹی اسلام آباد وقار احمد چوہان اور ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد وقار الدین سید نے احتساب عدالت میں سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو مریم نواز اور شاہد خاقان عباسی کی احتساب عدالت میں پیشی کے دوران تمام داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کو بڑھا کرصرف متعلقہ افراد کو ہی احتساب عدالت میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔ ڈی آئی جی آپریشن وقار الدین سید نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے جلسے جلوسوں اور ریلیوں پر پابندی لگائی ہوئی ہے، قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔