قبائلی اضلاع میں انتخابات کل (ہفتہ) ہورہے ہیں

جمعہ 19 جولائی 2019 16:26

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2019ء) قبائلی اضلاع میںانتخابات کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ خیبرپختونخوا اسمبلی میں پہلی بار قبائلی اضلاع کو نمائندگی دینے کے لیے انتخابات آج (ہفتہ) ہورہے ہیں، صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر ہونے والے انتخابات کے لیے تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہیں جب کہ انتخابی سامان کی تقسیم مکمل کرلی گئی ۔

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر کی نگرانی میں اسسٹنٹ کمشنر درازندہ سمیع اللہ خان نے گزشتہ روز اپنے دفتر ضلع کچہر ی ڈیرہ میں بیلٹ پیپر ز اور دیگر انتخابی سامان پولنگ سٹاف کے حوالے کیا ۔اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے جبکہ کچہری روڈ کو عام ٹریفک کے لئے مکمل بند کردیاگیا۔

(جاری ہے)

پولنگ سٹاف کو پاک فوج اور پولیس کی نگرانی میں متعلقہ پولنگ سٹیشنز پر پہنچا دیا گیا ۔

خیبرپختونخوا کے قبائلی اضلاع میں خیبرپختونخوا اسمبلی کی 16 نشستوں کے لیے انتخابات ہفتے کے روز ہونے جارہے ہیں متعلقہ اضلاع میں انتخابی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے انتخابی سامان گزشتہ روز تقسیم کرکے متعلقہ پولنگ اسٹیشنز کو بھجوا دیاگیا ہے۔ قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے لیے ایک ہزار 897 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 554 کو انتہائی حساس اور461 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان کے تمام پولنگ اسٹیشنز کو حساس ترین اور حساس قراردیا گیا ہے۔ حساس ترین پولنگ اسٹیشنز میں فوج کے جوان تعینات کیے جائیں گے۔پولنگ ہفتے کے روز صبح 8 بجے شروع ہوگی اور شام پانچ بجے تک جاری رہے گی، 16 نشستوں کے لیے 297 امیدوار میدان میں ہیں، 28 لاکھ سے زائد ووٹرز صوبائی اسمبلی کے لیے اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے جس میں خواتین ووٹرز کی تعداد گیارہ لاکھ 30 ہزار 529 ہے جبکہ مرد ووٹرز کی تعداد 16 لاکھ 71 ہزار305 ہے۔