گیم اوور! چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی

چیئرمین سینیٹ کیلئے اپوزیشن 60 سے زائد ارکان کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگی، میر حاصل خان بزنجو

جمعہ 19 جولائی 2019 16:37

گیم اوور! چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2019ء) چیئرمین سینیٹ کے لئے اپوزیشن کے امیدوار میر حاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ ہمیں پہلے تین دن تک اپوزیشن کی قرارداد کی حیثیت کے بارے میں نہیں بتایا گیا، اس کے بعد سیکرٹریٹ کی طرف سے اعتراض سامنے آیا، قانونی ماہرین کی مدد سے اپوزیشن کی جانب سے لیٹر سینیٹ سیکرٹریٹ کو جمع کرادی ہے۔

جمعہ کو مشترکہ اپوزیشن کی پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے گزشتہ روز اجلاس میں 55سینیٹرز نے شرکت کی۔ پیر کو دوبارہ اجلاس ہوگا، اپوزیشن 60سے زائد ارکان کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں تاخیر غیر آئینی اقدام ہوگا، حکومت اجلاس بلائے پھر پتہ چلے گا کہ اکثریت حکومت کے پاس ہے یا اپوزیشن کے پاس۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کرنے کی مذمت کرتے ہیں، اس طرح کا اقدام اپوزیشن کو دباؤ میں لانے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہاکہ چیئرمین سینیٹ کا معاملہ بلوچ کا نہیں،حکومت اور اپوزیشن کا مسئلہ ہے، موجودہ چیئرمین حکومت کا حصہ ہے، اس وقت حکومت کو 33 جبکہ اپوزیشن کو 66 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ اس موقع پر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ آئین کی شقوں اور رولز کے مطابق ریکوزیشن پر ترجیح دی گئی ہے، ایجنڈا واضح طور پر چیئرمین پر عدم اعتماد کا ہے،اپوزیشن کے آج کے لیٹر میں تمام رولز اور آئینی شقوں کا حوالہ دیا ہے۔

چیئرمین کی رولنگ کا بھی جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود اجلاس نہ بلائے تو بد نیتی ہوگی، حکومت اس طرح نمبر گیم تبدیل کرنا چاہتی ہے۔ اس موقع پر سینیٹر عبدالغفور حیدری نے کہاکہ چیئرمین سینیٹ سے ذاتی جھگڑا نہیں، ہمارا ٹارگٹ حکومت ہے، اپوزیشن کا کام ہی حکومت گرانا اور اپنی حکومت قائم کرنا ہے۔ اس موقع پر عثمان کاکڑ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہاؤس آف فیڈریشن کی توہین کر رہی ہے، یہ قومی اسمبلی نہیں سینیٹ ہے، یہاں اکثریت کا چیئرمین ہو گا۔ قومی اسمبلی میں مصنوعی طریقے سے حکومت کی اکثریت بنائی گئی۔