شاہ سلمان کی کرائسٹ چرچ حملے کے متاثرہ خاندانوں کو حج کی دعوت

متاثرہ خاندانوں کو حج پر بلانا سعودی عرب کی دہشت گردی کو شکست دینے کی کوششوں کا حصہ ہے،سعودی وزیر

جمعہ 19 جولائی 2019 16:45

کرائسٹ چرچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2019ء) نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر دہشت گردی کے حملے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کے 200 افراد سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر آئندہ ماہ فریضہ حج ادا کریں گے۔سعودی فرماں رواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ہدایات جاری کی تھیں کہ وہ رواں سال کرائسٹ چرچ حملوں کے متاثرہ افراد کے اہل خانہ کی میزبانی کریں گے جس کے دوران وہ فریضہ حج اور عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی عرب ک وزارت اسلامی امور کے وزیر شیخ عبدالطیف الشیخ نے اعلان کیا کہ کرائسٹ چرچ حملوں میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کے 200 افراد کو حج کی ادائیگی کے دعوت نامے بھیج دیے گئے ۔شیخ عبدالطیف الشیخ نے کہا کہ کرائسٹ چرچ حملوں کے متاثرہ خاندانوں کو حج پر بلانا سعودی عرب کی دہشت گردی کو شکست دینے اور اس کا مقابلہ کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ سے 200 عازمین کو مکہ لانے کے لیے سعودی وزارت مذہبی امور نیوزی لینڈ میں سعودی سفارت خانے کے درمیان رابطے شروع ہو چکے ہیں اور مہمانوں کی آمد کے لیے تمام انتظامات کیے جا رہے ہیں۔نیوزی لینڈ سے فریضہ حج ادا کرنے والے عازمین کو عام طور پر 15 ہزار ڈالرز ادا کرنا ہوتے ہیں لیکن شاہ سلمان کی دعوت پر آنے والے عازمین یہ رقم ادا نہیں کریں گے۔یاد رہے کہ رواں سال مارچ میں نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے آنے والے افراد کو مسلح شخص نے گولیوں کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 51 ہلاک اور 20 زخمی ہوئے تھے۔