گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس

جمعہ 19 جولائی 2019 17:11

گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2019ء) گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس گورنر ہائوس پشاور میں ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان بھی شریک ہوئے جبکہ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا سلیم خان، کورکمانڈر پشاور لیفٹینینٹ جنرل شاہین مظہرمحمود، انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر محمد نعیم خان، سیکرٹری داخلہ خیبر پختونخوا سمیت دیگر عسکری و سول حکام بھی موجود تھے۔

اجلاس میں قبائلی اضلاع میں صوبائی نشستوں کیلئے ہونے والے انتخابات سے متعلق سکیورٹی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ قبائلی اضلاع میں پرامن انتخابات کیلئے تمام عسکری و سول سکیورٹی ادارے پوری طرح تیار ہیں، حتمی سکیورٹی پلان کے مطابق آرمی، پولیس، خاصہ دار، لیویز اور ایف سی اہلکار سمیت 34ہزار 497 سکیورٹی اہلکار ڈیوٹی پر مامور کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ انتخابات کیلئے 1897 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جہاں 28لاکھ رجسٹرڈ ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریںگے ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز قبائلی اضلاع میں جیت کی خوشی میں ہوائی فائرنگ روکنے کو یقینی بنا ئیں گے۔ اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے کہا کہ پرامن اور شفاف انتخابات کا انعقاد حکومت کی ترجیحی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلی بار قبا ئلی علاقوں کے عوام صوبائی اسمبلی کیلئے اپنے ووٹ سے اپنے نمائندوں کا انتخاب کرنے جا رہے ہیں اور یہ ایک تاریخی موقع ہے لہذا اس موقع کی مناسبت سے قبائلی باشندوں کو تمام سہولیات فراہم کی جانی چاہیئں۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا انضمام کے تمام پہلوئوں سے صوبائی نشستوں کے لئے قبائلی اضلاع میں انتخابات کرانے تک تمام اداروں کا تعاون و کردار قابل تحسین ہے۔