پیر منیراحمد یوسفی کی دینی وملکی خدمات کوہمیشہ یاد رکھاجائیگا

موصوف کی پوری زندگی خوف الہٰی اورعشق رسولؐ سے عبارت تھی‘ناظم اعلیٰ دارالعلوم جامعہ نعیمیہ ‘ڈاکٹرراغب نعیمی

جمعہ 19 جولائی 2019 17:52

پیر منیراحمد یوسفی کی دینی وملکی خدمات کوہمیشہ یاد رکھاجائیگا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2019ء) دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ وممبر اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی،شیخ الحدیث مفتی عبدالعلیم سیالوی ، مفتی انور القادری،مولانا غلام نصیر الدین چشتی،مولانا محبوب ا حمدچشتی،مفتی محمدعمران حنفی،مرکزی صدر نعیمین ایسوسی ایشن ڈاکٹرحسیب قادری دیگر اساتذہ جامعہ نعیمیہ نے نامور روحانی شخصیت مولاناپیر منیر احمد یوسفی کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پیر منیر احمدیوسفی کی دینی وملکی خدمات جلیلہ کورہتی دنیا تک یاد رکھاجائے گا۔

موصوف کی پوری زندگی خوف الہٰی اورعشق رسولؐ سے عبارت تھی۔آپ نے ساری زندگی دین اسلام کی ترویج واشاعت اورانسانیت کی بے لوث خدمت کرتے ہوئے بسرکی۔

(جاری ہے)

انہوں نے دعوت وتبلیغ کے ذریعے لاکھوں انسانوں کو معاشرتی برائیوں سے بچاکر صراط مستقیم کی جانب چلایا۔آ پؒ نے دین متین کی ترویج واشاعت کے لئے مختلف مراکز قائم کرکے اسلاف کے مقدس مشن کو پوری ایماندار ی سے آگے بڑھایا۔

آپؒ نظام مصطفی ؐ کے نفاذ، ناموس مصطفیؐکی پاسبانی ،نظریہ پاکستان کی حفاظت کیلئے آخری وقت تک کوشاں رہے۔وہ محبت وخلوص کے ساتھ معاشرے میں مذہبی رواداری کی فضا کوبحال ہوتے ہوئے دیکھنا چاہتے تھے۔آپؒ کی وفات پر جامعہ نعیمیہ کے جملہ اساتذہ ،طلبہ وطالبات،نعیمین ایسوسی ایشن کے عہدیدران ،کارکنان غم کی اس کھڑی میں آپ کے صاحبزادگان کے ساتھ ہیں اوردعاگوہیں کہ اللہ تعالیٰ لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے اور مرحوم کو جنت الفردوس میںجگہ عطافرمائے۔

متعلقہ عنوان :