کشمیریوں نے 19جولائی1947کو سرینگر میں قرارداد الحاق پاکستان کے ذریعے اپنا مستقبل کا فیصلہ کرلیا تھا ۔وزیر صنعت وترقی نسواں محترمہ نورین عارف

جمعہ 19 جولائی 2019 18:26

مظفرآباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2019ء) آزادجموں وکشمیر کی وزیر صنعت وترقی نسواں محترمہ نورین عارف نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام ہمارے جسم کا حصہ ہیں ۔ کشمیر و پاکستان لازم و ملزوم ہیں ۔ پاکستان کے قیام سے قبل ہی کشمیریوں نے 19جولائی1947کو سرینگر میں قرارداد الحاق پاکستان کے ذریعے اپنا مستقبل کا فیصلہ پاکستان کے ساتھ جوڑ دیا تھااور آج 71سال گزرنے کے باوجود وہ تکمیل پاکستان کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں جس پر انہیں خراج عقیدت تحسین پیش کرتی ہوں ۔

اگرالحاق پاکستان کی قرارداد نہ ہوتی تو کشمیریوں کی جدوجہد کی کوئی منزل بھی نہ ہوتی۔ تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے ہم سب ایک ہیں ۔ اس حوالے سے ہمیں پارٹی سے بالاتر ہو کر سوچنا ہے ۔

(جاری ہے)

جن لوگوں نے قرارداد الحا ق پاکستان پاس کی اور اس کے محرک رہے ان کے ہم پر بہت احسانات ہیں ۔ ہمارا مستقبل پاکستان سے وابستہ ہے جس کیلئے ضروری ہے کہ پاکستان مضبوط ہو۔

میرے والدراجہ عبدالحمیدخان 19جولائی کو قرارداد الحاق پاکستان کے آرگنائزر تھے جس پر مجھے فخر ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 19جولائی یوم قرارداد الحاق پاکستان کے حوالہ سے جموں وکشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے جماعت اسلامی کے نائب امیر شیخ عقیل الرحمان ، پی پی رہنماء شوکت جاوید میر، وائس چیئرمین انٹرنیشنل فورم فار پیس مشتاق الاسلام ، پاسبان حریت کے رہنما عزیر غزالی، جمعیت علماء اسلام کے امیر مولانا محمود الحسن اشرف ، ڈائریکٹر جموں وکشمیر لبریشن سیل راجہ سجاد لطیف نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر صدر مسلم لیگ ن مظفرآباد ڈاکٹر راجہ محمد عارف خان، سیکرٹری سروسز چوہدری لیاقت حسین ، محکمہ کے آفیسران ، سول سوسائٹی اور ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد بھی تقریب موجود تھے ۔

محترمہ نورین عارف نے کہاکہ میں وزیر اعظم سے آج کے دن کی چھٹی منسوخ کرنے کی درخواست کرونگی تاکہ اس دن کو بھرپور انداز سے منایا جا سکے اور ہماری آنے والی نسلیں تاریخ سے آگاہ ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کیلئے ہم میں کوئی تفریق نہیں ۔تمام سیاسی اور مذہبی جماعتیں اس پر یکجا ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ آج قائد ملت چوہدری غلام عباس کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے ان کی بیٹی اغوا ہوئی لیکن ان کے جذبے میں کوئی کمی نہیں آئی۔

انہوں نے کہاکہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ناانصافی کے خلاف اور قانون کی بالادستی کیلئے آواز اٹھائیں ۔ انہوں نے کہاکہ عالمی دنیا سے مطالبہ کرتی ہوں کہ کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق حق خودرادیت دینے کیلئے اپنا کردار ادا کرے اور عالمی برادری بھی کشمیریوں کے حقوق اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا نوٹس لے ۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا کے ذریعے کشمیریوں کے مسئلے کو دنیا کے سامنے رکھیں اور دنیا کو بتائیں کہ بھارت کس طرح طاقت کے زور پر کشمیریوں کی آواز کو دبانا چاہتاہے۔

انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے ظلم و بربریت کی انتہاء کررکھی ہے ۔ نوجوانوں کو چن چن کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ پیلٹ گن سے نوجوانوں کی بینائی چھینی جارہی ہے ۔ عورتوں کی عصمت دری کی جاتی ہے ۔ حریت رہنمائوں کی پابند سلاسل رکھنا معمول ہے ۔ ہندوستا ن کی حکومت نے اپنی قابض افواج کو کشمیریوں کی نسل کشی کا لائسنس دے رکھا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ان تمام تر مظالم کے باجود کشمیریوں کے جذبے میں تنکے برابر کمی نہیں آئی ہے اور وہ اپنی منزل الحا ق پاکستان تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ تقریب کے اختتام پر اس حوالے سے ریلی بھی نکالی گئی جس کی قیادت شوکت جاوید میر، شیخ عقیل الرحمان ، مشتاق الاسلام ، عزیر غزالی ودیگر نے کی ۔