سندھ حکومت نے نرسوں کے مطالبات کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، مرتضی وہاب

فردوس شمیم نقوی اداروں کے ترجمان نہ بنیں، مشیر اطلاعات و قانون کی میڈیا سے بات چیت

جمعہ 19 جولائی 2019 18:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2019ء) مشیر اطلاعات قانون و اینٹی کرپشن سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب احتجاجی نرسوں کے پاس پہنچ گئے او ر ان کے مطالبات سے متعلق نوٹیفکیشن نرسز الائنس کے رہنماؤں کے سپرد کیا سیکریٹری محکمہ صحت بھی ان کے ہمراہ تھے، اس موقع پر وہاں موجود میڈیا اور نرسز الائنس کے رہنماؤں سے بات چیت کرتے ہوئے مشیر اطلاعات نے کہا کہ سندھ حکومت نے وعدے کے مطابق نرسوں کے مطالبات پر مبنی نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے سندھ حکومت پہلے روز سے ہی نرسوں کے مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے بعض نام نہاد لوگوں نے حکومت اور نرسز الائنس کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کی تھی جس سے ثابت ہوگیا ہے کہ دھرنا پارٹی والے صرف انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں جن لوگوں کی سیاست کا مقصد انتشار پھیلانا ہے وہ یہی کام کریں گے لیکن ہمارے عوام فسادی اور خدمتگاروں سے بخوبی واقف ہیںاگرتحریک انصاف میں اتنی ہی اخلاقی جرات ہے تو ملکی معاشی حالات پر ذرا گورنر ہاؤس کے باہر تو احتجاج کریں پی ٹی آئی کے دوست مہنگائی پر وفاقی حکومت کیخلاف بھی احتجاج کریں بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ میں سازشی عناصر کو وارننگ دیتا ہوں کہ اس طرح کی حرکتیں بند کریں ورنہ ان سے قانونی طریقے سے نمٹیں گے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت وعدوں کی تکمیل اور عوام کے مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نرسز نے پیپلز پارٹی کے حق میں جو نعرے لگائے ہیں وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ شہید رانی کی پارٹی کے دلدادہ ہیں اور وہ پیپلز پارٹی سے محبت کرتے ہیں۔ پیپلز پارٹی عوام کی نمائندہ جماعت ہے لوگوں کے دلوں میں بھٹو رہتاہے۔ اگر پی ٹی آ ئی کی وفا قی حکومت نے افرا ط زر اور مہنگا ئی پر تو جہ نہ دی تو وہ دن دو ر نہیں جب لو گ سڑ کو ں پر نکلیں گے ۔

علاوہ ازیں مشیر اطلاعات قانون و اینٹی کرپشن سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فردوس شمیم نقوی پیپلزپارٹی کی فکر چھوڑیں اور اپنی جماعت کی فکر کریں کیونکہ دنیا جانتی ہے کہ اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی کی اپنی جماعت میں کئی گروہ ہیں اپوزیشن لیڈر بنتے وقت فردوس شمیم نقوی کو انکی جماعت سے کتنے ووٹ ملے تھی انکے اپنے لوگوں نے انکی شدید مخالفت کی تھی جس کی وجہ کوئی اور نہیں بلکہ ان کا اپنا رویہ ہے۔

بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ آپکی جماعت انتشار اور شر پھیلانے کے علاوہ کچھ نہیںکیا ہے۔ انتشار پھیلانا آپکا بنیادی کام ہے آپکے دھرنے اچھے اور دوسروں کے جمہوری احتجاج بھی فضول ہیں ذرا ہوش کے ناخن لیں پیپلزپارٹی کی قیادت پر تنقید کرکے اپنے آقا کو خوش اور اپنا بونا قد بڑھانے کی کوشش نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ فردوس شمیم نقوی اداروں کے ترجمان نہ بنیں۔آپکی سیاسی تربیت ہوتی تو اس قسم کی باتیں نہ کرتے۔ آپ پی ٹی آئی سے زیادہ نیب کے ترجمان لگتے ہیں۔