Live Updates

بڑے بڑے چوروں اور ڈاکوئوں کو ائیر کنڈیشن ہوٹل نما جیلوں ،ہسپتالوں میں رکھنے کی بجائے میانوالی جیل میں ایک مہینے کے لئے رکھیں تو وہ لوٹا ہوا ایک ایک پیسہ واپس کر دیں گے ،

777جہاز کی بجائے وزیراعظم معمول کی پرواز پر عام مسافر کی طرح امریکہ جائیں گے یہ ہوتی ہے حقیقی تبدیلی ،عوام اور ہمیں یقین ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنی صلاحتیوں کے ذریعے آئی ایم ایف کے قرضوں کو ری شیڈول کرانے میں کامیاب ہوجائیں گے ،1990کے بعد میانوالی کے لوگوں کے لئے دوسری ٹرین میانوالی ایکسپریس چلائی جارہی ہے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا میانوالی لاہور ایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعہ 19 جولائی 2019 19:25

بڑے بڑے چوروں اور ڈاکوئوں کو ائیر کنڈیشن ہوٹل نما جیلوں ،ہسپتالوں میں ..
میانوالی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2019ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بڑے بڑے چوروں اور ڈاکوئوں کو ائیر کنڈیشن ہوٹل نما جیلوں ،ہسپتالوں میں رکھنے کی بجائے میانوالی جیل میں ایک مہینے کے لئے رکھیں تو وہ لوٹا ہوا ایک ایک پیسہ واپس کر دیں گے ،777جہاز کی بجائے وزیراعظم معمول کی پرواز پر عام مسافر کی طرح امریکہ جائیں گے یہ ہوتی ہے حقیقی تبدیلی ،عوام اور ہمیں یقین ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنی صلاحتیوں کے زریعے آئی ایم ایف کے قرضوں کو ری شیڈول کرانے میں کامیاب ہوجائیں گے ،1990کے بعد میانوالی کے لوگوں کے لئے دوسری ٹرین میانوالی ایکسپریس چلائی جارہی ہے ۔

وہ میانوالی میں میانوالی لاہور ایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ اربوں کی کرپشن کرنے والوں کو نائن سٹار ہوٹل میں رکھا گیا ہے اور انھیں60انچ کی ایل ڈی کی سہولت دی گئی ہے جب وہ اے سی جیل اور اے سی ہسپتال سے نکلتے ہیں تو پروڈکشن آڈرز کے ذریعے اے سی پارلیمنٹ میں پہنچ جاتے ہیں،میرا مشورہ ہے کہ ان چوروں اور ڈاکوئوں کو ایک ماہ کے لئے میانوالی جیل میں بھیج دیں یہ لوٹے ہوئے سارے پیسے واپس کر دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے جوانی کے سات سال بے گناہی میں جیل میں گذارے ، ہم نے تو منی لانڈرنگ یا کرپشن نہیں کی۔ اس کے باوجود عام جیل میں رکھا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ 1990سے ماڑی انڈس ریل بند ہوئی اس کے بعد 28کلومیٹر ٹریک خراب ہے ، اگر وزیراعظم عمران خان ہمیں پی ایس ڈی پی میں فنڈز دیِں تو اس ٹریک کو ٹھیک کر کے سفر کو مزید کم دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میانوالی سے لاہور تک 120مسافر یومیہ کی بنیاد پر سفر کرتے ہیں ، ٹرین کے ذریعے انھیں ایک بہتر سفری سہولیات فراہم ہوسکے گی ۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان ریلوے نے 10ماہ میں 70لاکھ مسافر زیادہ اٹھائے ہیں اور50مال بردارگاڑیوں کو ٹریک پر لائے ہیں ، 36ٹرینوں کی تیاری کا کریڈیٹ ریلوے ملازمین اور افسران کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کے ملک بھر میں 2800ریلوے کراسنگ ہیں جن میں سے صرف 1300کراسنگ پوائنٹس پر ایک ملازم تعینات ہے باقی کراسنگ اوپن ہیں ، ریلوے ٹریک کے اردگرد آبادی اور کراسنگ دیکھ کر نہ کرنے سے ٹرین حادثات ہورہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ حکومت نے سی پیک کے اربوں روپے ضائع کیے ہیں ، سی پیک میں ٹرین کے لئے منصوبے شامل ہیں ، ہر عوامی خدمت کے منصوبے کی طرح ایم ایل ون منصوبے پر وزیراعظم عمران خان کا نام لکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 10ارب روپے پچھلے سال سے زیادہ بچائے ہیں اور مجموعی خسارے میں5ارب کمی کے ساتھ ساتھ 4ارب روپے آئل کی قیمتیں بڑھنے پر ادا کیے ہیں ۔

انہوں نے یقین دلایا کہ غریب کی سواری ریلوے کو مزید بہتر کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے ،اسوقت بھی ریلوے پر سٹو ڈنٹ اور65سال عمر کے مسافروں کے ٹکٹ پر 50فیصد اور 75سال عمر کے مسافروں کے لئے ٹکٹ فری کر دیا گیا ہے ۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ آج نمل یونیورسٹی میں ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھا ہے ، حکومت پنجاب میانوالی میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھے گی ،بلکسر میانوالی روڈ کی تعیمر اسی سال شروع ہوگی ، میانوالی یونیورسٹی رواں سال مکمل ہوگی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات