سانحہ نیوزی لینڈ ،شہیدوں کے ورثاء و زخمی سعودی فرمانروا کے خرچے پر حج کی سعادت حاصل کریں گے

کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں شہید ہونے والے میں 9 پاکستانی بھی شامل تھے

جمعہ 19 جولائی 2019 20:55

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جولائی2019ء) نیوزی لینڈ کی دو مساجد پر ایک آسٹریلوی دہشت گرد نے حملہ کر کے 50 سے زائد نمازیوں کو شہید کر دیا تھا جبکہ درجنوں زخمی بھی ہوئے تھے۔ سعودی فرمانروا کی جانب سے ان مساجد میں شہید ہونے والوں کے ورثائ اور زخمیوں کوسرکاری خرچ پر حج کروایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں متاثرین کے 200 سے زائد رشتہ داروں کو سعودی حکومت کی جانب سے حج کے لیے مدعٴْو کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کے سفرِ حج کے تمام تر اخراجات اور قیام و طعام کی ذمہ داری سعودی حکومت کے ذمے ہو گی۔ اس سلسلے میں وزیراسلامی امور شیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے بتایا کہ سفر حج کی کارروائی نیوزی لینڈ میں سعودی سفارتخانہ انجام دے گا اور انہیں تمام سہولتیں فراہم کرے گا۔ سفارتخانے کو شاہی فرمان پر تعمیل کی ہدایت کردی گئی ہے۔اس فیصلے پر سعودی عرب کے ممتاز علمائ کی جانب سے ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے بہت خوشی کا اظہار کیا گیا ہے۔