کراچی، موٹر سائیکل سوار کو زخمی کرنے سے متعلق ملزم راشد کی ضمانت منسوخ کرنے کی مدعی مقدمہ کی درخواست مسترد

جمعہ 19 جولائی 2019 22:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2019ء) سپریم کورٹ نے ہائی ایس وین سے موٹر سائیکل سوار کو زخمی کرنے سے متعلق ملزم راشد کی ضمانت منسوخ کرنے کی مدعی مقدمہ کی درخواست مسترد کردی۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس گلزار احمد اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل 3 رکنی بینچ کے روبرو ہائی ایس وین سے موٹر سائیکل سوار کو زخمی کرنے سے متعلق ملزم کی ضمانت منسوخی کیلئے دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواستگزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم نے غلط ڈرائیونگ سے 22 سالہ نوجوان کو مفلوج کردیا۔ ٹرائل کورٹ کو کیس جلد چلانے کی ہدایت کی جائے۔ ملزم نے سنگین جرم کیا ہے ضمانت منسوخ کی جائے۔ ملزم راشد نے 22 نومبر 2018 کو موٹر سائیکل سوار شہباز جو زخمی کردیا تھا۔

(جاری ہے)

ملزم ہائی ویس وین لے کر رانگ سائیڈ آرہا تھا۔ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریماکس دیئے کہ ابھی تو سزا اور جزا باقی ہے آپ پہلے کیوں سزا دلوانا چاہتے ہیں ہم یہاں انصاف کرنے بیٹھے ہیں ناانصافی کیلئے نہیں بیٹھے۔

ہر کیس اپنی باری میں چلے گا کسی اور کا کیس روک کر آپ کا کیس چلانے کا حکم نہیں دے سکتے۔ ملزم کو جیل میں رکھ کر آپ انا کی تسکین چاہتے ہیں عدالت نے ملزم راشد کی ضمانت منسوخ کرنے کی مدعی مقدمہ کی درخواست مسترد کردی۔ سندھ ہائیکورٹ نے ملزم کی گرفتاری کے بعد ضمانت منظور کی تھی۔