Live Updates

ایشیاء ریجن کانفرنس جنوبی ایشیاء کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے لائحہ عمل طے کرنے میں معاون ثابت ہوگی،اسد قیصر

ملکی تاریخ میں پہلی بار رواں مالی سال میں قومی اسمبلی کا بجٹ سب سے کم ہے، سپیکر قومی اسمبلی کی وزیراعظم سے گفتگو وزیر اعظم کی قومی اسمبلی میں کفایت شعاری کیلئے اٴْٹھائے جانے والے اقدامات کی تعریف

جمعہ 19 جولائی 2019 22:54

ایشیاء ریجن کانفرنس جنوبی ایشیاء کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2019ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ایشیاء ریجن کانفرنس خواتین ، نوجوانوں کو قومی ترقی میں شمولیت یقینی بنانے کیلئے تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرنے سمیت جنوبی ایشیاء کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے لائحہ عمل طے کرنے میں معاون ثابت ہوگی، ملکی تاریخ میں پہلی بار رواں مالی سال میں قومی اسمبلی کا بجٹ سب سے کم ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے یہ بات جمعہ کووزیر اعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ ملاقات میں پارلیمانی امور سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سپیکر نے وزیراعظم کو دولت مشترکہ کی ایشیا ریجن کانفرنس جو 29 جولائی سے اسلام آباد میں منعقد ہو رہی ہے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ یہ کانفرنس نہ صرف خواتین اور نوجوانوں کی قومی ترقی میں شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرے گی بلکہ جنوبی ایشیا ء کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے لائحہ عمل طے کرنے میں معاون ثابت ہو گی۔

سپیکر نے وزیر اعظم کو حالیہ بجٹ کی قومی اسمبلی سے منظوری کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ حالیہ بجٹ پر قومی اسمبلی میں 68 گھنٹے سیر حاصل بحث ہوئی جس سے ایک نئی پارلیمانی تاریخ رقم ہوئی۔اسپیکر نے وزیر اعظم کو بتایا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار مالی سال 2019-20کے بجٹ میں قومی اسمبلی کا بجٹ سب سے کم ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مالی سال2018-19میں قومی اسمبلی کو دی جانے والی بجٹ گرانٹ میں سے 293.913 ملین روپے کے گزشتہ سالوں کے واجبات کی ادائیگی کے باوجود 638.698 ملین روپے بچت کر کے قومی خزانے میں جمع کیے گے ہیں۔

وزیراعظم نے قومی اسمبلی میں کفایت شعاری کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کوسراہا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو جن معاشی چیلنجز کا سامنا ہے ان پر قابو پانے کے لیے قومی اداروں اور انفرادی سطح پر تعاون ملک کو خوشحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتا ہے۔ وزیراعظم نے دولت مشترکہ کی ایشین ریجن کی کانفرنس کے اسلام آباد میں انعقاد کی تعریف کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ کانفرنس شرکت کرنے والے ممالک اور ان کے پارلیمانوں کو قریب لانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات