Live Updates

شہباز شریف کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی ،بلدیاتی نمائندوں کا مشترکہ اجلاس ،

سیاسی صورتحال ،گرفتاریوں ،25جولائی کے یوم سیاہ پر تبادلہ خیال آئندہ کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،اجلاس کے شرکاء کا پارٹی قیادت سمیت تمام گرفتار رہنمائوں اور ان کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی حکومت کے فسطائی اور اوچھے ہتھکنڈوں سے ہرگز مرعوب نہیں ہونگے،تقویت لیکر حکومت کا مقابلہ کریں گے ‘ محمد شہباز شریف متحدہ اپوزیشن کے فیصلے کے مطابق 25جولائی کو یوم سیاہ منایا جائے گا ،آج لائحہ عمل طے کریں گے اور ہم اس کی قیادت کریں گے نیب کو تمام خاندان کے نام بھیجوا دیتے ہیں سب کو نوٹس بھیج دیں،انتقامی کارروائی کے نام پر احتساب کیا جا رہا ہے‘ عظمیٰ بخاری، عطاء اللہ تارڑ کی بریفنگ

جمعہ 19 جولائی 2019 23:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی اورسابقہ بلدیاتی نمائندوں کا مشترکہ اجلاس ماڈل ٹائون سیکرٹریٹ میں پارٹی صدر محمد شہباز شریف کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال ،لیگی رہنمائوں کی گرفتاریوں ،25جولائی کو یوم سیاہ منانے کے حوالے سے تبادلہ خیال اور آئندہ کی حکمت عملی زیر غور آئی۔

اجلاس میں پارٹی قیادت سمیت تمام گرفتار رہنمائوں اور ان کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیا گیا ۔اجلاس میں سمیع اللہ کان ، رانا مشہود احمد، عظمیٰ بخاری، عطاء اللہ تارڑ،سیف الملوک کھوکھر ،غزالی سلیم بٹ، اختر حسین بادشاہ، بلال یاسین، چوہدری باقر حسین، چوہدری شہباز، با ئورانا احسن شرافت، میاں سلیم، میاں عمران جاوید، سید توصیف شاہ ،وحید عالم خان، میاں مرغوب احمد، ملک وحید، رمضان صدیق بھٹی، رانا محمد طارق، مرزا جاوید، نذیر خان سواتی، میاں طارق، کرنل(ر)مبشر جاوید سمیت دیگر شریک ہوئے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم حکومت کے فسطائی اور اوچھے ہتھکنڈوں سے ہرگز مرعوب نہیں ہوں گے بلکہ ان سے تقویت لے کر حکومت کا مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو عوام کی آواز بننے پر دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن ہم عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ عمران نیازی اپنی ناکامی کو چھپانے کیلئے لیگی رہنمائوں کی گرفتاریوں کی آڑ میں چھپنا چاہتا ہے لیکن یہ قوم کے سامنے ایکسپوز ہو چکا ہے ۔

اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ شہباز شریف نے مختلف اضلاع کے نمائندوں سے ملاقات کا سلسلہ شروع کیا ہے جس میں سیاسی انتقام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے رانا ثنا اللہ سے مماثلت رکھنے والے شخص کو رانا ثنا اللہ بناکر ثبوت بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ ان کی اہلیہ نے تصدیق کی ہے کہ موٹروے پر س کی مشق کی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب اور ججز کی ویڈیوز سامنے آرہی ہیں،ویڈیوز کو چیک کرنے کی بجائے اور تحقیقات کرنے کی بجائے ٹیبل کے نیچے چھپادیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کے فیصلے کے مطابق 25 جولائی کو یوم سیاہ منایا جائے گا اور یہ موجودہ صورتحال کے خلاف ہے ،25 جولائی کے حوالے سے آج لائحہ عمل طے کریں گے اور ہم اس کی قیادت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے شہر خاموشاں پر بھی ٹیکس لگا دیا ہے ،قوم اب مرنے والوں کا بھی ٹیکس دے گی۔عمران خان صاحب سے گزارش ہے کہ امریکہ جا کر ہماری ذلت نہ کرائی جائے،ظل سبحانی لاہور آئے تو پھولوں کا انتظام کیا گیا،وزیراعظم کے کہنے پر وزارتیں تبدیل کردی گئیں،ان کی نہ قابلیت اورنہ کوئی پرفارمنس ہے، پنجاب کی ترقی کو روک دیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز خود اکیلی کافی ہیں وہ جب نکلتی ہیں تو لوگ نکل آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے میڈیا کی مجبوریوں کا پتہ ہے ہم وعدہ کرتے ہیں لوگ نکلیں گے آپ وعدہ کریں کہ آپ دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز نواز شریف کو رہا کرو کی کمپین سوشل میڈیا پر بھی کرتی ہیں اور آج کا لباس بھی اسی کا حصہ تھا ،مریم نواز فیشن آئیکون ہیں وہ جو پہنتی ہیں وہ میڈیا کی زینت بن جاتا ہے ۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ہمیں اطلاع ملی ہے کہ عباس شریف مرحوم کے بیٹے کو بھی نیب میں طلب کیاگیا ہے،نیب کو تمام خاندان کے نام بھیجوا دیتے ہیں سب کو نوٹس بھیج دیں۔

انتقامی کارروائی کے نام پر احتساب کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم کو فوٹو کاپی والے اریسٹ وارنٹ پر گرفتار کیا گیا کیا اس سے دنیا میں ہماری جگ ہنسائی نہیں ہوئی ہو گی ۔میرا سوال ہے کہ اگر کسی کو دوسرے شہر سے گرفتار کیا جاتا ہے تو اس کا راہداری ریمانڈ لیا جاتا ہے لیکن راہداری ریمانڈ کیوں نہ لیا گیا، اسے کیوں خفیہ رکھا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ نیب کو شہزاد اکبر ہدایات جاری کرتے ہیں،سبطین خان کا کیس سب کے سامنے ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات