چیف ایگزیکٹو آفیسر حیسکو اور CBAکی جانب سے لائن اسٹاف کو ناگہانی حادثات سے بچائو کیلئے لیبر ہال گاڑی کھاتہ میں سیفٹیسیمینار کا انعقاد

جمعہ 19 جولائی 2019 23:32

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جولائی2019ء) حیسکو ترجمان کے مطابق آج چیف ایگزیکٹو آفیسر حیسکو عبدالحق میمن اور CBAکی جانب سے لائن اسٹاف کو ناگہانی حادثات سے بچائو کیلئے لیبر ہال گاڑی کھاتہ میں سیفٹی سیمنار منعقد کیاگیا ۔اس موقع پر حیسکو چیف عبدالحق میمن نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج یونین اور انتظامیہ سیفٹی کے لحاظ سے ایک صفحے پر ہیں اور ہماری خواہش ہی نہیں بلکہ ہم اس حوالے سے ایسا لائحہ عمل ترتیب دینا چاہتے ہیں کہ حادثات کو روکا جاسکے۔

حادثات کا ہونا کسی فرد کا نقصان نہیں ہوتا ہے بلکہ ایک پورا خاندان اس سے متاثر ہوتا ہے انتظامیہ چاہے کتنے ہی لاکھوں روپے ملازمین کے اہل خانہ میں تقسیم کردے لیکن وہ کسی طور بھی جانے والے کا نعم البدل نہیں ہوسکتا ابھی گذشتہ روز لاڑ سرکل ٹھٹھہ ڈویژن میں لائن مین ٹو الطاف حسین عباسی حادثے کا شکار ہوا ہے جس کی تعزیت کیلئے ہم گئے تھے اور اسکے اہل خانہ کو تقریباً 39 لاکھ روپے ادارے کی جانب سے دیئے ۔

(جاری ہے)

جبکہ دیگر مراعات انکے علاوہ فراہم کی جائینگی لیکن اتنی خطیر رقم بھی انسانی جان کا بدل ہر گز نہیں ہے۔ لہذا ہم نے اپنی جان کو خود بھی بچانا ہے جسکے لئے سیفٹی کے اصولوں ، ٹی اینڈ پی ، پی پی ای، ارتھنگ ، اور پی ٹی ڈبلیو جیسی بنیادوں باتوں پر لازمی عمل کرنا ہوگا ہمیں چاہیے کہ کام شروع کرنے سے پہلے موقع پر ہی منصوبہ بندی کرلیں ، سپروائزر سے ضروری ہدایت لیں اور عمل کریں بند لائنوں کو ارتھ کرنے سے پہلے ڈیڈیکٹر سے چیک کرلیں اور لائن کو دونوں اطراف سے ارتھ کریں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ حادثے کی صورت میں فوری طورطبی امداد دی جائے اور ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔جبکہ اس موقع پرصدر واپڈا سی بی اے یونین عبداللطیف نظامانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ برقیات میں حادثات کے نہ رکنے والے سلسلے نے ہماری قمر توڑ دی ہے ہمارا ’’ہیرو‘‘ لائن مین مسلسل حادثات کا شکار ہوکر معذور اور شہادت حاصل کررہا ہے جسکے باعث ایک جانب ادارہ ایک ہنر مند اور قابل تجربہ کار لائن مین سے محروم ہورہا ہے تو دوسری جانب اسکی بیوی بیواہ اور بچے یتیم ہورہے ہیں اور یہ سب کچھ ہمارے سپروائزر اور ذمہ داران کی غفلت ، لاپرواہی اور حد سے زیادہ خود اعتماد ی کے باعث رونما ہورہے ہیں لہذا یونین نے آج ملک بھر کی تمام بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں ’’سیفٹی ڈے ‘‘ کو بطوراحتجاج میں تبدیل کردیا ہے خوش آئندبات یہ ہے کہ آج کی ان احتجاجی ریلیوں میں کمپنیوں کی آعلیٰ انتظامیہ بھی ہمارے شانہ بشانہ ہے جو ہمارے لئے ایک حوصلہ افزاء اور قابل ستائش عمل ہے۔

ان خیالات کا اظہار آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی ای) کے مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی نے ملک گیر سیفٹی ڈے کے حوالے سے منعقدہ کی جانے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکریٹری اقبال احمد خان اور دیگر نے کہا کہ یونین کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ ملازمین کے مسائل کے تدارک میں کوئی کمی اور کسر نہ چھوڑی جائے بالخصوص حادثے کی شرح میں ممکنا حد تک کمی واقع ہو لائن مین جو ہمارا ہیرو ہے وہ ادارے کی بنیادی جان ہے اگر ہم اسکو اسی طرح حادثات کی وجہ سے کھوتے رہے یاد رکھیئے کہ ادارہ بھی بیٹھ جائے گا جو کسی طور بھی کسی کیلئے اچھی علامت نہیں ہوگی۔

اس موقع پر حیسکو کے آعلیٰ افسران چیف ایگزیکٹو آفیسر حیسکو عبدالحق میمن، کے علاوہ جی ایم (ٹیکنیکل ) عبدالستار میمن، ایچ آر اینڈ ایڈمن عمران عسکری ، لونگ خان جاکھرانی ، فہیم میمن ، صادق قمبر، عبدالستار سہو، مشتاق احمد دائیونے بھی خصوصی شرکت کی ۔ جبکہ یونین کے دیگر رہنمائوں میں صوبائی سیکریٹری اقبال احمد خان ، ملک سلطان علی، اعظم خان ، محمد حنیف خان، رفیع الدین شاہ ، فاروق چنگیزی ،ریحان ،اقبال قائمخانی، عبدالمناف نظامانی ، اسد اللہ ، رائو سعید احمد ، عابد شاہ، عبدالوحید پٹھان، عبدالجبار عباسی ، زونل چیئرمین ملک روشن علی، حافظ عبدالکریم، ارشد تقوی، صفدر صدیقی، راجہ آفریدی، عبدالسلام راجپوت، قمر الدین شمس، محمد اکرم ، اسلم میمن، شاہد رانا شامل تھے۔