Live Updates

وزیر اعظم قوم کو بتائیں کہ وہ کیا ایجنڈا لیکر امریکہ جارہے ہیں،سینیٹرسراج الحق

ایجنڈا افغانستان سے امریکی افواج کی بحفاظت واپسی کا ہے یا قوم کی مظلوم بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کا،ٹرمپ کے ساتھ قادیانی مبلغ کی ملاقات حادثاتی نہیں اس کے پیچھے پاکستان کے خلاف گہری سازش ہے، امیر جماعت اسلامی

جمعہ 19 جولائی 2019 23:42

وزیر اعظم قوم کو بتائیں کہ وہ کیا ایجنڈا لیکر امریکہ جارہے ہیں،سینیٹرسراج ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جولائی2019ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم قوم کو بتائیں کہ وہ کیا ایجنڈا لیکر امریکہ جارہے ہیں۔ان کا ایجنڈا افغانستان سے امریکی افواج کی بحفاظت واپسی کا ہے یا قوم کی مظلوم بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کا ۔ تین پاکستانیوں کا قاتل ریمنڈ ڈیوس پورے پروٹوکول کے ساتھ امریکہ جاسکتا ہے تو ایک معصوم حافظ قرآن بیٹی واپس پاکستان کیوں نہیں آسکتی ۔

ٹرمپ کے ساتھ قادیانی مبلغ کی ملاقات حادثاتی نہیں اس کے پیچھے پاکستان کے خلاف گہری سازش ہے ۔پاکستان میں قادیانیوں کیلئے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ایک ماحول بنایا جارہا ہے ۔ حکومت لوگوں کے دینی جذبات اورشعائر اسلام سے کھیلنا بند کرے ،غریب عوام گھروں سے نکل آئے تو حکمرانوں کو ایوانوں میں بھی پناہ نہیں ملے گی ۔

(جاری ہے)

حکمران تعلیم ،صحت اور ریسرچ کے ادارے بنانے کی بجائے سینما گھر بنانے کیلئے فکر مند ہیں ۔

ایوان میں موجود اپوزیشن ہی نہیں حکمرانوں کو عوام بھی سلیکٹڈ کہہ رہے ہیں۔موجودہ حکومت میں مشرف اور سابقہ حکومتوں کے لوگ ہیں ۔حکومت اسٹیٹس کو ،ختم کرنے کی بجائے اس کے تحفظ میں لگی ہوئی ہے ۔حکومت کو لانے اور سپورٹ کرنے والے سب پریشان ہیںاور اب ان کی توقعات اور امیدیں بھی دم توڑ چکی ہیں۔حکومت ایک سال گزرنے کے باجوداپنے قدموں پر چلنے کو تیار نہیں ۔

ان خیالات کا اظہا رانہوں نے راولپنڈی میں عوامی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عوامی مارچ سے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم ،امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم،جے آئی یوتھ کے صدر زبیر گوندل اور شمس الرحمن سواتی ،راجہ جواد ،سید عارف شیرازی ،عتیق عباسی ،نصراللہ رندھاوا نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پرسیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ یہ جھوٹے لوگوں کی حکومت ہے جو عوام سے مسلسل جھوٹ بول رہی ہے ۔وزیر اعظم کہتے تھے کہ جب عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھ جائے تو اس کا مطلب ہوتا ہے کہ حکمران چور ہے ۔آج عوام ٹیکسوں کے کوہ ہمالیہ اور مہنگائی کے پہاڑ کے نیچے دب چکے ہیں ۔حکومت ڈنڈھورا پیٹتی ہے کہ عوام ٹیکس چور ہیں ،عوام نہیں حکمران چور ہیں جو عوام کا خون نچوڑ کر آئی ایم ایف کے مطالبے پورے کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کسی ظالم جاگیر دار یا کرپٹ سرمایہ دار کا نہیں ،یہ 22کروڑ غیرت مند پاکستانیوں کا ملک ہے ،جاگیر دار، وڈیرے اور سرمایہ دار تو ملک کو لوٹ کر باہر بھاگ جاتے ہیں مگر ہمار اتو جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے ۔پاکستان ہمارے لئے ماں کی گود اور جنت ہے ۔اس لئے پاکستان کی حفاظت ہمارے ایمان کا حصہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کی مشکلات اور مسائل کے حل کیلئے آخری حد تک جائے گی۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پنجاب کی صوبائی حکومت نے شام پانچ بجے کے بعد قبرستانوں میں داخلے پر پابندی لگادی ہے ،حکمران کہتے ہیں کہ جس نے بھی اپنا مردہ دفن کرنا ہے وہ صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک کرلے ۔خیبر پختونخواہ حکومت اسمبلی میںبل لائی ہے کہ اٹھارہ سال سے ایک دن بھی کم عمر والا نوجوان شادی نہیں کرسکتا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت لوگوں کے دینی جذبات سے کھیل رہی ہے ،یہ کھیل حکمرانوں کو بہت مہنگا پڑے گا ۔

پاکستان کے عوام مہنگائی ،بے روز گاری اور غربت تو برداشت کرسکتے ہیں مگر بے دینی مسلط کرنے کی کوئی سازش برداشت نہیں کریں گے ۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم نے کہا کہ لاڑکانہ اورجاتی عمرہ کے حکمرانوں کے بعد عوام نے بنی گالا کو بھی آزمالیا۔ پی ٹی آئی حکومت نے عوام کی پریشانیوں میں اضافہ کردیا ۔ عوام کے مسائل کم ہونے کی بجائے بڑھ گئے ۔

انہوں نے کہا کہ آج کے کامیاب عوامی مارچ نے عوام کے اندر ایک اعتماد پیدا کردیا ہے ،عوام آخری دھرنا اسلام آباد میںاقتدار کے ایوانوں کے سامنے دیں گے اور نااہل حکمرانوں کو گھر بجھوا کر مہنگائی ،بے روز گاری اور آئی ایم ایف کی غلامی کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ کردیں گے ۔ امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے اپنے خطاب میںکہا کہ خطہ پوٹھوہار کے عوام بے لاگ احتساب چاہتے ہیں ۔عمران خان نے کہا تھا کہ میں بیٹنگ آرڈر بدل دونگا مگر ٹرین کے درجنوں حادثات کے باوجود انہوں نے نام نہاد فرزند پاکستان وزیر ریلوے کو تو بدلا نہیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات