اختیارات یا طاقت کے غلط استعمال کے مرتکب عناصر کو گرفتار کیا جائے گا‘ اگر کسی نے بھی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے تو اس سے اختیارات سے تجاوزکی وجہ پوچھی جائے گی‘ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پر ایل این جی منصوبے میں بے قاعدگی کے الزامات ہیں اس لیے نیب اس سے پوچھ گچھ کر رہی ہے

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

ہفتہ 20 جولائی 2019 00:10

اختیارات یا طاقت کے غلط استعمال کے مرتکب عناصر کو گرفتار کیا جائے گا‘ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2019ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اختیارات یا طاقت کے غلط استعمال کے مرتکب عناصر کو گرفتار کیا جائے گا۔ جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے بھی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے تو اس سے اختیارات سے تجاوزکی وجہ پوچھی جائے گی۔

شاہد خاقان عباسی کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم پر ایل این جی منصوبے میں بے قاعدگی کے الزامات ہیں اس لیے نیب اس سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ معاون خصوصی نے مزید کہا کہ اگر کسی شخص نے کرپشن نہیں کی تو اسے قومی احتساب بیورو (نیب) سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔

(جاری ہے)

شہباز شریف کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اگر سابق وزیراعلی پنجاب نے فنڈز کا غلط استعمال کیا ہے تو اس سے پوچھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ حیرت کی بات ہے کہ شہباز شریف کے دور میں ملک کو زلزلہ متاثرین کیلئے ملنے والے فنڈز کا غلط استعمال کیا گیا۔ قومی اسمبلی کے اجلاس کی کوریج کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سرکاری ٹی وی پارلیمنٹ اجلاس کی لائیو کوریج کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا آزاد ہے لیکن اس کو پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے قواعد و ضوابط کے مطابق اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پیمرا کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ کسی بھی مجرم کا انٹرویو کسی بھی چینل پر نشر یا ٹیلی کاسٹ کرنے کی صورت میں اس چینل کے پروگرام کو بند کر سکتا ہے۔