Live Updates

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے امریکہ میں صف اول کی لابنگ فرم "ہالینڈ اینڈ نائٹ" کے نمائندہ ٹام ریلنڈز کی ملاقات ‘ امریکہ میں پاکستانی سفارت خانے اور لابنگ فرم "ہالینڈ اینڈ نائٹ " کے مابین معاہدہ پر دستخط

ہفتہ 20 جولائی 2019 01:45

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2019ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے نیویارک سے معروف ریپبلکن رہنما ، سابقہ ممبر کانگریس اور امریکہ میں صف اول کی لابنگ فرم "ہالینڈ اینڈ نائٹ" کے نمائندہ ٹام ریلنڈز نے ملاقات کی۔ دونوں کے درمیان ملاقات واشنگٹن میں واقع پاکستانی سفارت خانے میں ہوئی ۔ ملاقات کے دوران امریکہ میں پاکستانی سفارت خانے اور لابنگ فرم "ہالینڈ اینڈ نائٹ " کے مابین معاہدہ پر دستخط کیے گئے۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ لابنگ فرم ،امریکہ کے سیاسی منظر نامے کو پیش نظر رکھتے ہوئے اور پاک امریکہ تعلقات کو وسعت دینے اور انہیں مزید مستحکم بنانے کیلئے پاکستانی سفارتخانے کی معاونت کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہالینڈ اینڈ نائٹ لابنگ فرم میں وسیع انتظامی تجربہ کے حامل ماہرین اور بالخصوص ٹام رینلڈ جیسے وسیع تجربہ کے حامل سابق ممبر کانگریس کی موجودگی انتہائی خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکہ سے پاک امریکہ تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مجھے قوی امید ہے کہ "ہالینڈ اینڈ نائٹ "فرم پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پاکستانی سفارتخانے کی بھرپور معاونت کرے گی۔ ٹام رینلڈ نے "ہالینڈ اینڈ نائٹ لابنگ فرم" پر اعتماد کے اظہار پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ انکی فرم باہمی دلچسپی اور احترام پر مبنی دو طرفہ پاک امریکہ تعلقات کے فروغ کیلئے، پاکستانی سفارت خانے کو ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات