شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کے بعد مسلم لیگ ن مشکلات کا شکار ہو گئی

اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی میں مسلم لیگ ن کی نمائندگی کم ہو گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 20 جولائی 2019 11:42

شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کے بعد مسلم لیگ ن مشکلات کا شکار ہو گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 جولائی 2019ء) : سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کے بعد مسلم لیگ ن مزید مشکلات کا شکار ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق شاہد خاقان عباسی کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی میں مسلم لیگ ن کی نمائندگی کم ہو گئی ہے۔ شاہد خاقان عباسی رہبر کمیٹی کے رکن تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت نے شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کے بعد ایاز صادق کو رہبر کمیٹی کا رکن بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے تاہم اس کا حتمی اعلان آج ہی متوقع ہے۔

یاد رہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے رہبر کمیٹی قائم کی تھی۔ رہبرکمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت جے یو آئی ف کے اکرم درانی نے کی جبکہ تمام گیارہ ارکان شریک ہوئے تھے۔ رہبرکمیٹی کے پہلے اجلاس میں نئے چیئرمین سینیٹ کے نام پر مشاورت بھی کی گئی، ملکی سیاسی صورتحال اور آئندہ کی مشترکہ حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

جس کے بعد فیصلہ کیا گیاتھا کہ رہبر کمیٹی کا کوئی مستقل چئیرمین نہیں ہو گا جبکہ کمیٹی کے ہر اجلاس میں الگ الگ اراکین سے صدارت کروائی جائے گی۔

لیکن شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کے بعد رہبر کمیٹی میں مسلم لیگ ن کی نمائندگی کم ہو گئی ہے۔ یاد رہے کہ 18 جولائی کو نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو لاہور کے ٹول پلازہ سے گرفتار کر لیا تھا۔ نیب راولپنڈی نے شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی ٹرمینل کا غیر قانونی ٹھیکہ دینے کے الزام میں تفتیش کے لیے طلب کیا تھا اور سابق وزیراعظم کو صبح 10 بجے نیب راولپنڈی میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی لیکن وہ پیش نہیں ہوئے۔ جس کے بعد انہیں لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ سے گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں لاہور سے اسلام آباد منتقل کیا گیا۔