برطانوی پیسرجوفرا آرچر نے کزن کا قتل ہونے کے باوجود اپنی ٹیم کو عالمی چیمپئن بنوا دیا

بیٹے کو حوصلہ دیا کہ اس دکھ اور کرب سے نکل کر ورلڈ کپ پر فوکس کرے:والد فرینک

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 20 جولائی 2019 13:44

برطانوی پیسرجوفرا آرچر نے کزن کا قتل ہونے کے باوجود اپنی ٹیم کو عالمی ..
لندن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20جولائی2019ء) انگلش ٹیم کے فاسٹ باﺅلر جوفرا آرچر نے کزن کا قتل ہونے کے باوجود ہمت نہ ہاری اور اپنی ٹیم کو عالمی کپ کا چیمپئن بنا ڈالا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق جس روز انگلینڈ نے ورلڈکپ 2019 ءمیں اپنا پہلا میچ کھیلا اسی روز آرچر کے کزن بلیک مین کو گھر کے باہر نامعلوم افراد گولی مار کرچلے گئے تھے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق 24 سالہ ایشنٹیو بلیک مین کو بارباڈوس میں گھر کے باہر قتل کیا گیا البتہ اہل خانہ نے آرچر کو کزن کے قتل کی اطلاع میچ کے بعد دی تاکہ ان کی میچ میں کارکردگی متاثر نہ ہو۔

آرچر بھائی کے قتل کی خبر سننے کے بعد صدمے میں چلے گئے تھے البتہ ان کے والد فرینک نے حوصلہ دیا اور کہا کہ یہ موقع انہیں زندگی میں دوبارہ میسر نہیں ہوگا لہذا اپنے دکھ اور کرب کی حالت سے باہر نکل کر ایونٹ پر دھیان دیں۔

(جاری ہے)

فرینک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ”ایشنٹیو اور آرچر ہم عمر تھے اور دونوں ایک دوسرے کے اچھے دوست بھی تھے، جوفرا کو جب اس واقعے کی اطلاع ملی تو وہ ٹوٹ گیا تھا البتہ ٹیم مینیجمنٹ اور ساتھی کھلاڑیوں نے اس کی ہمت بڑھائی“۔

والد کے مطابق بلیک مین کو گھر کے باہر 31 مئی کے روز قتل کیا گیا اور اس روز انگلینڈ ورلڈکپ میں اپنا میچ کھیل رہا تھا، حملہ آوروں نے بیٹے کو 8 گولیاں ماریں جس کی وجہ سے وہ ہلاک ہوئے۔یاد رہے کہ 14 جولائی کو لندن کے تاریخی گراﺅنڈ لارڈز میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان فائنل کھیلا گیا، سنسنی خیز میچ میں سپر اوور ہوا جس میں سکور برابر ہوا البتہ آئی سی سی قانون کے تحت زیادہ باﺅنڈریز لگانے پر انگلینڈ کو فاتح قرار دیا گیا۔