پنیاں کے نواحی علاقہ کمال موہڑہ میں کنویں میں گرنے سے دو جوان سگے بھائی جاں بحق ہو گئے

ہفتہ 20 جولائی 2019 14:45

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2019ء) ہری پور کے علاقہ پنیاں کے نواحی علاقہ کمال موہڑہ میں کنویں میں گرنے سے دو جوان العمر سگے بھائی جاں بحق ہو گئے۔ بھائی کو بچاتے ہوئے دوسرے نے بھی کنویں میں چھلانگ لگا دی، گھٹن کے باعث دونوں کی حالت غیر ہو گئی، مقامی لوگوں کی اطلاع پر ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر دونوں بھائیوں کو کنویں سے نکال کر ٹراما سنٹر ہری پور منتقل کیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکے، جوان بھائیوں کی موت پر والدین کی آہ و پکار سے علاقہ کی فضاء سوگوار تھی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق یو سی پنیاں کے علاقہ کمال موہڑہ میں 20 سالہ آفاق احمد اور 16 سالہ یاسین احمد جو سگے بھائی ہیں، میں سے یاسین اچانک کنویں میں گرا پڑا جس کو بچانے کیلئے اس کے دوسرے بھائی آفاق نے بھی چھلانگ لگا دی جنہیں نکالنے کی کوشش کی گئی مگر کامیابی نہیں ہوئی۔ مقامی افراد نے ریسکیو 1122 کو اطلاع دی جنہوں نے موقع پر پہنچ کر دونوں بھائیوں کو بے ہوشی کی حالت میں ٹراما سنٹر منتقل کر دیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے اور خالق حقیقی سے جا ملے۔ بعد ازاں دونوں کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :