ملک بھر میں خفیہ شادیاں کرنے والوں کی شامت آ گئی

نئے آرڈیننس کے بعد شوہروں کی دوسری شادی کے خلاف خواتین کا عدالتوں سے رجوع بڑھ گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 20 جولائی 2019 16:19

ملک بھر میں خفیہ شادیاں کرنے والوں کی شامت آ گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 جولائی 2019ء) : ملک بھر میں خفیہ شادی کرنے والوں کی شامت آ گئی ۔ تفصیلات کے مطابق اپنے شوہر کی بے وفائی پر خاموش رہنے والی خواتین نے بھی اپنی چُپ توڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ نئے آرڈیننس کے بعد شوہروں کی دوسری شادی کیخلاف خواتین کا عدالتوں سے رجوع بڑھ گیا ہے۔ نئے آرڈیننس کے بعد پہلی بیوی سے اجازت لیے بغیر نیا گھر بسانے والوں کی شامت آگئی ہے۔

فیملی مسلم لاء آرڈیننس میں ترمیم نے شوہروں کی ستائی خواتین کو بھی خاموشی توڑنے پر مجبور کر دیا۔ دوسری مرتبہ بغیر اجازت سہرا باندھنے اور اپنا نیا گھر بسانے والے بے وفا شوہروں کے خلاف کارروائی کے لیے خواتین کی بڑی تعداد نے مجسٹریٹس سے رجوع کرلیا ہے، کیونکہ فیملی مسلم لاء آرڈیننس میں ترمیم کرکے پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے والے شوہروں کے خلاف سزا تجویز کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

آرڈیننس میں ترمیم کوخاتون وکیل کوکب اور سائل پرویز نےسراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ شوہر سے ایک بیوی سنبھالی نہیں جاتی اور دوسری کی تیاری شروع کردیتا ہے۔ دوسری جانب سینئیر وکیل منصورالرحمان آفریدی اور حسیب قدوسی ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ اسلام نے چار شادیوں کی اجازت دی ہے تاکہ معاشرے میں بگاڑ پیدا نہ ہو۔ مجسٹریٹسں کی عدالتوں میں تین خواتین مسرت بی بی، سمیرا اور حلیمہ بی بی کےشوہروں کے خلاف استغاثوں پر نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے دوسری شادی کے خواہشمند افراد کو بُری خبر سنائی تھی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے دوسری شادی کے لیے مصالحتی کونسل کی اجازت ضروری قراردے دی تھی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ دوسری شادی کے لیے بیوی سے اجازت کے باوجود مصالحتی کونسل کی اجازت ضروری ہوگی۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ پہلی بیوی کی اجازت کے باوجود مصالحتی کونسل کے انکار کے بعد اگر کوئی شخص شادی کرے گا تواسے دوسری شادی پر سزا ہوگی۔ عدالت نے کہا کہ مسلم فیملی لاز آرڈیننس 1961ء کے مطابق اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے والے شخص کو سزا اور جُرمانہ ہو گا۔