Live Updates

وزیر اعظم عمران خان کا دورہ امریکہ خوش آئند ثابت ہو گا

اگر ری شیڈولنگ کی سپورٹ مل گئی تو حکومت نئے انداز کے ساتھ معیشت کی بہتری کی طرف آئے گی،وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا پریس کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 20 جولائی 2019 16:57

وزیر اعظم عمران خان کا دورہ امریکہ خوش آئند ثابت ہو گا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2019ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ امریکہ خوش آئند ثابت ہو گا اگر ری شیڈولنگ کی سپورٹ مل گئی تو حکومت نئے انداز کے ساتھ معیشت کی بہتری کی طرف آئے گی‘ اپوزیشن سے اس وقت جو جتنا زیادہ چیخ رہا ہے اس کا کیس آئینی و قانونی اعتبار سے اتنا ہی قریب ہے‘اپوزیشن اس سے چار گنا بھی اکٹھی ہو جائے تو ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا‘ اپوزیشن وزیر اعظم کے خلاف احتجاج کرتے کرتے اب چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے تک پہنچ گئی‘ مولانا فضل الرحمن سیاست کی بنیاد پر لوگوں کو اسلام آباد لائیں‘ دنیا ادھر سے ادھر ہو سکتی ہے کوئی طاقت مدارس کی طرف بری نظر سے نہیں دیکھ سکتی‘ کلبھوشن یادیو کیس میں پاکستان کی طرف سے زبردست کیس لڑا گیا اور فتح حاصل ہوئی۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کے روز ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو یہ کریڈٹ حاصل ہے کہ ان کی حکومت ایماندار ہے جس کی دنیا معترف ہے‘ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سارے چوروں کو آئینی و قانونی ٹکٹکی لگے گی اور جو جتنا زیادہ چیخ رہا ہے وہ اتنا ہی اس ٹکٹکی کے زیادہ قریب ہے‘ انہوں نے کہا کہ ابھی تو کھیل شروع ہوا ہے تو لوگوں کی چیخیں سنائی دے رہی ہیں‘ آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا‘ وفاقی وزیر نے ریلوے کی کارکردگی کے حوالے سے کہا کہ قوم کو نئی پسنجر ٹرینوں کا ایک پروگرام دیا تھا جو38 ویں پسنجر ٹرین میانوالی ایکسپریس چلا کر مکمل کر دیا جس میں پہلے دن ہی مسافروں کے سفر کا تناسب 110 فیصد رہا۔

انہوں نے کہا کہ فریٹ سیکٹر میں پانچ نئی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے جن کے ریٹس پرانی فریٹ ٹرینوں سے بہتر ہونگے‘ ریلوے میں 100 ایسے ڈرائیورز جو ریٹائر ہونے کے قریب ہیں ان کو ایک سال کیلئے کنٹریکٹ پر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے‘ 30 اگست تک ریلوے میں 70 لاکھ مسافروں کا اضافہ کرینگے‘ تمام پرانی ٹرینوں کی تزئین و آرائش کا فیصلہ کیا گیا ہے‘ سب سے پہلے جناح ایکسپریس کے ساتھ نئے ڈبے لگا نے کے ساتھ ساتھ اس میں بہتری لائی جائیگی جبکہ آئندہ تین سے چھ ماہ میں تمام میل ایکسپریس ٹرینوں کی تزئین و آرائش کی جائیگی اسی طرح 100 انجنوں کی اوور ہالنگ اور 200 ویگنوں کی تزئین آرائش کی بھی وزارت منصوبہ بندی نے حامی بھر لی ہے‘ ٹی ایل اے واشنگ لائن کے ملازمین کی عید سے پہلے مستقلی اور ریلوے میں ریکروٹمنٹ کو فائنل کرنے کی ہدایت کر دی ہے‘ اسی طرح ریلوے وہ پہلی وزارت ہو گی جو اپنے ملازمین کو چھ ماہ بعد تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ دیگی۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ موجودہ حکومت کی دیانت کی وجہ سے دنیا کی بڑی بڑی کمپنیاں ریلوے ورکشاپس سے جوائنٹ وینچر کیلئے تیار ہیں اسی طرح فریٹ ویگنوں کیلئے بھی پارٹیاں آئی ہیں جو اپنی فریٹ ویگنیں بھی لانا چاہتی ہیں اور وہ وزیر آباد میں اپنا ہیڈ کوارٹر قائم کرنا چاہتے ہیں‘ انہوں نے کہا کہ رائل پام کلب کے تمام ممبرز کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کو پہلے سے زیادہ معیاری سہولتیں ملیں گی اور اس کو حقیقی کلب بنائیں گے‘ ٹرینوں کی آمدورفت میں تاخیر کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ آئندہ ہفتے سے جو بھی ٹرین تاخیر کا شکارہو گی اس کے ساتھ نیا ریک لگا کر اس کو روانہ کر دیا جائیگا‘ انہوں نے کہا کہ ریلوے میں افسران اور ملازمین کے تعاون سے پسنجر سیکٹر میں پانچ بلین کا کرنٹ خسارہ کم کیا جو کہ ایک ریکارڈ ہے‘ انہوں نے کہا کہ ریلوے میں ٹرینوں کے حادثات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے لیکن اس وقت ٹریک پر 1500 ان مینڈ اور 1300 مینڈ کراسنگز ہیں جبکہ 1800 کلومیٹر کے ٹریک کو لوگ موسیقی سننے کیلئے بھی استعمال کرتے ہیں‘ ریلوے ٹریک کے ساتھ قائم سکولوں کو ختم کروایا گیا ہی ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس وقت 20 ایسے نئے لوکوموٹیوز کھڑے ہیں جن کو ٹیکنیکل کمیٹی نے کلیئر نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ چینی وفد کے حالیہ دورہ پاکستان کے موقع پر انہیں کہا ہے کہ وہ پاکستان ریلویز کو 69 انجن مفت ٹھیک کرکے دیں اور جہاں جہاں ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز ہیں وہاں افسران اور ملازمین کو پلازے بنا کر ہائوسنگ مفت دی جائے اور اس منصوبہ میں ریلوے کو کامیابی ملے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات