نوجوان نسل کو سگریٹ نوشی، پان اور گٹکا کے استعمال سے بچانے کیلئے موثر آگاہی مہم کی ضرورت،

تمباکو نوشی کے بارے آگاہی سیمینار میں مقررین کا خطاب

ہفتہ 20 جولائی 2019 17:04

نوجوان نسل کو سگریٹ نوشی، پان اور گٹکا کے استعمال سے بچانے کیلئے موثر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2019ء) چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ لیفٹیننٹ جنرل (ر)خالد مقبول نے کہا ہے کہ تمباکو نوشی ہر شکل میں انتہائی مضر صحت ہے جبکہ نوجوان نسل کو سگریٹ نوشی، پان اور گٹکا کے استعمال سے بچانے کیلئے موثر آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے، انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ اس مہم میں لیڈنگ رول ادا کر سکتا ہے۔

انہوںنے ان خیالات کا اظہار انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ اور عالمی ادارہ صحت کے اشتراک سے تمباکو نوشی کے بارے آگاہی سیمینار کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عالمی ادارہ صحت کے کنٹری ڈائریکٹر ماہی پالانے تمباکو نوشی کے بارے عالمی ادارہ صحت کی گائیڈ لائنز بارے روشنی ڈالی۔ ماہی پالا نے تمباکو نوشی کی نوجوان نسل میں حوصلہ شکنی کے لئے جدید خطوط پر آگاہی مہم استوار کرنے اور لائف سٹائل میں تبدیلی کے ساتھ مروجہ قوانین پر عملدرآمد پر بھی زور دیا۔

(جاری ہے)

سیمینار سے سابق پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر شوکت محمود نے کہا کہ سگریٹ اور تمباکو پر بھاری ٹیکسز کے باوجود سگریٹ انڈسٹری بہت منافع کما رہی ہے اور تمباکو نوشی کرنے والے نوجوانوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا تمباکو نوشی کے خلاف جنگی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈین آئی پی ایچ ڈاکٹر زرفشاں طاہر کا کہنا تھا کہ تمباکو نوشی پھیپھڑوں کے سرطان، امراض قلب، دمہ، نظام تنفس کی بیماریوں اور انسانی صحت کے بیشمار مسائل کی بنیادی وجہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئی پی ایچ تمباکو نوشی کے خلاف بھر پور مہم چلانے میں اپنا پلیٹ فارم استعمال کرنے کے لئے تیار ہے۔ سیمینار کے اختتام پر بورڈ آف مینجمنٹ کے چیئرمین جنرل خالد مقبول نے شرکا میں شیلڈز تقسیم کیں۔