Live Updates

سابق وفاقی وزیر کی بیٹی نے والد کو گردہ عطیہ کر دیا

حاجی سکندر حیات بوسن اور ان کی صاحبزادی کی طبعیت بالکل ٹھیک ہے۔ خاندانی ذرائع

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 20 جولائی 2019 16:49

سابق وفاقی وزیر کی بیٹی نے والد کو گردہ عطیہ کر دیا
کراچی   (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جولائی2019ء) سابق وفاقی وزیر حاجی سکندر حیات بوسن کی صاحبزادی نے والد سے محبت کی نئی مثال قائم کر دی۔سابق وفاقی وزیر برائے فوڈ اینڈ سیکورٹی حاجی سکندر حیات بوسن کی صاحبزادی نے اپنے والد کو گردہ عطیہ کر دیا۔اس حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حاجی سکندر حیات بوسن کا کراچی کے نجی اسپتال میں کامیاب آپریشن کیا گیا ہے۔

خاندانی ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ حاجی سکندر حیات بوسن اور ان کی صاحبزادی کی طبعیت بالکل ٹھیک ہے۔سکندر حیات بوسن عرصہ دراز سے گردوں کے مرض میں مبتلا تھے۔ڈاکٹرز کی ہدایت پر آج ان کو دس قدم پیدل بھی چلایا گیا ہے۔حاجی سکندر حیات بوسن آئندہ 3 ماہ اپنے علاج معالجے کے سلسلے میں کراچی میں ہی رہیں گے۔

(جاری ہے)

حاجی سکندر حیات خان بوسن نے 2018ء کے انتخابات سے قبل پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی،  وہ پاکستان مسلم لیگ ن سے وابستہ رہ چکے ہیں۔

2018ء کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے انہیں ٹکٹ جاری کیا گیا تھا مگر بعد میں وہ ٹکٹ احمد حسین دیہڑ کو دے دیا گیا تھا۔اس طرح آزاد امیدوار کے طور پر وہ اپنی جماعت کے امیدوار سے شکست کھا گئے تھے۔یاد رہے پی ٹی آئی نے سب سے پہلے سکندر بوسن کو ٹکٹ دیا تھا جس کے بعد احمد حیسن دیہڑ کے ووٹرز نے بنی گالہ کے باہر دھرنا دیا تھا اور عمران خان کو مجبور کیا تھا کہ وہ سکندر بوسن سے ٹکٹ لے کر احمد حیسن دیہڑ کو دیں۔ احمد حیسن دیہڑ نے دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ سکندر بوسن کسی بھی صورت وہاں سے نہیں جیت سکتے کیونکہ وہ کسی حلقے میں نہیں جاتے جبکہ احمد حیسن دیہڑ نے اتنے سال تک لوگوں کی خدمت کی ہے اور این اے 154 سے ان کی یقینی فتح ہوگی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات