Live Updates

مسلم لیگ کا 25 جولائی کومال روڈ پر یوم سیاہ منانے کا اعلان

عمران خان کو پاکستانی ہٹلر نہیں بننے دیں گے، بلکہ واپس ڈی چوک کنٹینر پر بھیجیں گے، عمران خان! ہم سب کو جیلوں میں ڈال دو، لیکن عوام کو سستا آٹا، بجلی اور گیس مہیا کردو،چیف جسٹس نوازشریف کے ساتھ ناانصافی کاازالہ کریں۔ مرکزی رہنماء ن لیگ احسن اقبال کی میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 20 جولائی 2019 17:58

مسلم لیگ کا 25 جولائی کومال روڈ پر یوم سیاہ منانے کا اعلان
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 جولائی 2019ء) مسلم لیگ ن نے 25 جولائی کومال روڈ پر یوم سیاہ منانے کا اعلان کردیا۔ن لیگ کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان کو پاکستانی ہٹلر نہیں بننے دیں گے، واپس ڈی چوک کنٹینر پر بھیجیں گے،ہم سب کو جیل میں ڈال دو، لیکن عوام کو سستا آٹا،بجلی اور گیس مہیا کردو۔ چیف جسٹس سے درخواست ہے نوازشریف کے ساتھ ناانصافی کاازالہ کریں۔

انہوں نے مسلم لیگ ن کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ن لیگی کارکنان کی گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کیا ہے، ان فسطائی ہتھکنڈوں سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔پاکستان میں ہٹلر پیدا نہیں ہوگا ، ڈی چوک پر عمران خان کنٹینر پر واپس بھیجیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے قیادت کا خلاء پیدا ہونے پر متبادل قیادت سامنے لانے کا لائحہ عمل بھی بنا لیا ہے۔

(جاری ہے)

جو شخص گرفتار ہوگا ، اس کی جگہ دوسرا شخص قیادت کرے گا ، قیادت کاخلاء پیدا نہیں ہونے دیں گے۔احسن اقبال نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم جب ناکام ہوگئے تو قومی اداروں کو سیاست میں ملوث کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ جب قومی ادارو ں میں بداعتمادی پیدا ہو تو ملک کمزور ہوتا ہے۔ ہم اس کی بھرپور مخالفت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے تمام ہتھکنڈوں کے باوجود ووٹ میں اضافہ ہوا۔

مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں گے۔ میڈیا انڈسٹری میں سنسرشپ کی مذمت کرتے ہیں۔ جس سے کئی صحافی بے روزگار ہوگئے۔ ان کے پلے کچھ نہیں اس لیے اپوزیشن کی کردار کشی کررہے ہیں۔ 7 ہزار ارب روپے کا قرضہ قوم پر چڑھا دیا ہے۔ ہمیں نہ چھوڑیں، سب کو جیل میں ڈال دیں ، قوم پر تو رحم کریں۔ ہم سب کو جیل میں ڈال دو لیکن عوام کو سستا آٹا ، بجلی اور گیس تودو۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے چیئرمین میر حاصل بزنجوہوں گے، پوری اپوزیشن حکومتی ہتھکنڈوں کو ناکام بنائے گی۔ حکومت سینیٹ الیکشن میں فرار اختیار کررہی ہے۔ سینیٹ میں 67ممبر موجود ہیں۔ حکومت کے پاس 35سے زائد ہیں ۔ ہمارے پاس دوتہائی اکثریت ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ ویڈیو اسکینڈل کے بعد نوازشریف کو فوری رہا کیا جائے۔عوام پر عدلیہ کا اعتماد بحال کرنے کیلئے چیف جسٹس کو چاہیے کہ انصاف فراہم کریں اور رہائی کے احکامات جاری کریں۔ نوازشریف کے خلاف فیصلے کی کوئی بنیاد نہیں ہے۔ ویڈیوکی فارنزک رپورٹ کے بعد نوازشریف کو ایک سیکنڈ بھی جیل میں رکھنا جرم ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات