سیاسی میدان کے بارہویں کھلاڑی مولانا فضل الرحمن ان کی کشتی کیسے پار کریں گے،فردوس عاشق

مولانا خود پارلیمان سے باہر، چیئرمین سینیٹ کیا تبدیل کرینگے،نئے پاکستان میں ادارے بااختیار اور مافیا کے چنگل سے قانون آزاد ہو چکا ہے،ٹوئٹ

ہفتہ 20 جولائی 2019 20:03

سیاسی میدان کے بارہویں کھلاڑی مولانا فضل الرحمن ان کی کشتی کیسے پار ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جولائی2019ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ فضل الرحمان خود پارلیمان سے باہر ہیں چیئرمین سینیٹ کیا تبدیل کریں گے،نئے پاکستان میں ادارے بااختیار ہوگئے اور مافیا کے چنگل سے قانون آزاد ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سما جی رابطے کی ویب سا ئیٹ ٹویٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے سمندر میں غوطے کھانے والی ن لیگ اپنے اعمال کے بھنور میں پھنس چکی ہے، عوام کے مال کو جونکوں کی طرح چوسنے والوں نے پھر اثاثے بچاؤ بیٹھک لگا لی ہے، یہ لوگ عوام کو گمراہ کرنے کی بجائے عدالتوں میں اپنی بے گناہی کا ثبوت کیوں نہیں دے دیتے۔

انہو ں نے کہا کہ موروثی سیاسی گھرانوں کی سیاست ڈوب رہی ہے، سیاسی میدان کے بارہویں کھلاڑی مولانا فضل الرحمان ان کی کشتی کیسے پار کریں گے، جو خود پارلیمان سے باہر ہوں وہ چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی میں کیا معاونت کریں گے۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے کے خلاف انتقامی کارروائیاں کرنے والے کس منہ سے کسی اور کو الزام دیتے ہیں، نئے پاکستان میں ادارے بااختیار ہوگئے اور مافیا کے چنگل سے قانون آزاد ہو چکا ہے۔