Live Updates

سلیکٹڈ وزیر اعظم کوملک اور معیشت چلانا نہیں آتی ، تم ایوان سے نکلو اور ڈی چوک میں جا کر وہ کام کرو جو تمہیں آتا ہے‘ احسن اقبال

چیئرمین سینیٹ کیلئے اپوزیشن کے پاس 67،حکومت کے پاس 36ووٹ ہیں ، چیئرمین سینیٹ کو اخلاقی طو رپر مستعفی ہو جانا چاہیے تھا ویڈیو کی فرانزک رپورٹ کے بعد نواز شریف کو ایک سیکنڈ کیلئے بھی جیل میں رکھنا جرم ہے ،چیف جسٹس رہا کر کے نا انصافی کا ازالہ کریں ماڈل ٹائون سیکرٹریٹ میں (ن) لیگ کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد مریم اورنگزیب اور دیگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 20 جولائی 2019 21:31

سلیکٹڈ وزیر اعظم کوملک اور معیشت چلانا نہیں آتی ، تم ایوان سے نکلو اور ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیر اعظم کوملک اور معیشت چلانا نہیں آتی ، تمہیں صرف گالم گلوچ اور پگڑیاں اچھالنا آتا ہے اس لئے تم ایوان سے نکلو اور ڈی چوک میں جا کر وہ کام کرو جو تمہیں آتا ہے ، چیئرمین سینیٹ کیلئے اپوزیشن کے پاس 67جبکہ حکومت کے پاس 36ووٹ ہیں ، اس تعداد کے بعد چیئرمین سینیٹ کو اخلاقی طو رپر مستعفی ہو جانا چاہیے تھا،سلیکٹڈ وزیر اعظم کوشش کر رہا ہے اس کی طرح سلیکٹڈ چیئرمین بھی آ جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب او ردیگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ احسن اقبال نے کہا کہ مرکزی مجلس عامملہ کے اجلاس میں ملک کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیاگیا او رآئندہ کی حکمت عملی مرتب کی گئی ۔

(جاری ہے)

ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ حکومت کی انتقامی کارروائیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا، قیادت کا خلاء نہیں پید اہونے دیں گے اور جہاں پر گرفتاریاں ہوں گی وہاں فوری متبادل قیادت سامنے آ جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی شدید مذمت کی گئی ۔شاہد خاقان عباسی کی کاوشوں کی وجہ سے معیشت کو اربوں ڈالر کی بچت ہوئی ۔ایل این جی کی وجہ سے ملک میں پانچ ہزار میگا واٹ سستی بجلی حاصل ہوئی اور اس سے کھاد اور ٹیکسٹائل ملیں چلیں ،اگر ایسے شخص کو شاباش نہیں دی جا سکتی تو تذلیل تو نہ کی جائے ، یہ کسی شخص کی تذلیل نہیں بلکہ پاکستان کی ترقی کی تذلیل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیر اعظم تم جتنی مرضی گرفتاریاں کر لو تمہارا جہاز پھر بھی اڑنے والا نہیں تمہیں جہاز چلانا ہی نہیں آتا تمہیں جو کام آتا ہے وہ ڈی چوک میں کرو ۔ انہوں نے کہا کہ 25جولائی کو قومی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کے خلاف بھرپور یوم سیاہ منایا جائے گا ا اور صوبائی دارالحکومتوں میں جلسے ہوں گے ،مرکزی جلسہ پشاور میں ہوگا جس میں قومی قیادت شرکت کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ ویڈیو کی فرانزک کے بعد یہ سچ ثابت ہو گئی ہے اور اس کے بعد نواز شریف کو ایک سیکنڈ کیلئے بھی جیل میں رکھنا جرم ہے اور جو بھی نواز شریف کو جیل میںرکھ رہا ہے وہ قومی جرم کا مرتکب ہو رہا ہے ۔ چیف جسٹس آف پاکستان ویڈیو کی تصدیق او رجج کی تبدیلی کے بعد نواز شریف کو رہا کر کے اس نا انصافی کا ازالہ کریں ۔ویڈیو کی فرانزک کے بعد جج کے بیان حلفی کی بھی نفی ہو گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنوں کی گرفتاریاں شروع کر دی گئی ہیں لیکن ہم حالات کا مقابلہ کرینگے اور عمران نیازی کو پاکستان کا ہٹلر نہیں بننے دیں گے بلکہ تمہیں ڈی چوک میں واپس بھیجیں گے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس کوئی معایشی ایجنڈا اور معاشی ٹیم نہیں ، آئی ایم ایف سے ادھار ٹیم لی ہوئی ہے او رجب ملک کی معیشت ڈوبے گی تو یہ سب بریف کیس پکڑ کر آئی ایم ایف کی نوکری پر واپس دبئی چلے جائیں عمران خان بھی بچوں کے پاس لندن چلے جائیں گے لیکن ہم نے اور 20کروڑ عوام نے یہیں رہنا ہے ۔ ہم حکومت کے عوام دشمن اورمعاشی ایجنڈے کا مقابلہ کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات